حیدرآباد۔/13 ستمبر، ( سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس تلنگانہ کی صدر وائی ایس شرمیلا کے خلاف کارروائی کیلئے ٹی آر ایس وزراء اور ارکان اسمبلی نے اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی سے نمائندگی کرتے ہوئے یادداشت حوالے کی۔ وائی ایس شرمیلا کی جانب سے چیف منسٹر کے سی آر اور ریاستی وزراء کے خلاف سنگین الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ارکان اسمبلی کی توہین کی گئی جس کے لئے وائی ایس شرمیلا کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیئے۔ ریاستی وزراء نرنجن ریڈی، سرینواس گوڑ، ارکان اسمبلی لکشما ریڈی اور دوسروں نے اسپیکر سے ملاقات کرتے ہوئے یادداشت حوالے کی۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس شرمیلا نے وزراء اور ارکان اسمبلی کے خلاف غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کیا ہے لہذا ارکان کے حقوق کے تحفظ کے لئے اسپیکر کو کارروائی کرنی چاہیئے۔ پوچارم سرینواس ریڈی نے اس مسئلہ کا جائزہ لے کر ضروری کارروائی کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ کو مراعات کمیٹی سے رجوع کیا جائے گا۔ کمیٹی کا اجلاس چہارشنبہ کو طلب کیا گیا ہے جس میں شرمیلا کے الزامات اور بیانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر زراعت نرنجن ریڈی نے شرمیلا کے خلاف ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی سے شکایت کی ہے۔ر