حیدرآباد۔ 27 اکٹوبر ۔ـآندھرا پردیش کے وزیر اعلی اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر جگن موہن ریڈی کے چچا وائی ایس وویکانند ریڈی کے قتل کیس میں سی بی آئی نے چاروں ملزمین کے خلاف چارج شیٹ آندھرا پردیش کی خصوصی سی بی آئی عدالت میں داخل کی ہے۔ ان چار ملزمین میں سے دو ملزمین جیل میں ہیں جبکہ دو ضمانت پر ہیں۔سی بی آئی کے ترجمان آر سی جوشی کے مطابق جن چار لوگوں کے خلاف چارج شیٹ عدالت میں داخل کی گئی ہے ان میں ٹی گنگی ریڈی، وائی سنیل یادو، جی یو ریڈی اور ایس دستگیری شامل ہیں۔ سی بی آئی کے ترجمان کے مطابق سی بی آئی نے آندھرا پردیش ہائی کورٹ کے حکم کی بنیاد پر 9 جولائی 2020 کو یہ مقدمہ درج کیا تھا۔ اس معاملے کی جانچ کے دوران سی بی آئی نے ملزم کے بارے میں معلومات دینے والے کیلئے 5 لاکھ روپے کا انعام بھی رکھا تھا۔ تفتیش کے بعد اگست اور ستمبر 2021 میں اس معاملے میں دو ملزمین کو گرفتار کیا گیا تھا۔ملزم سے پوچھ گچھ کی بنیاد پر قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد ہوا۔ سی بی آئی کے مطابق آندھرا پردیش کے کڑپہ میں وویکانند ریڈی کے گھر کے باتھ روم کے اندر ان کی خون آلود نعش ملی۔ ابتدائی تفتیش کے دوران یہ واقعہ باتھ روم میں پھسلنے سے موت کا لگ رہا تھا تاہم ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور پولیس تفتیش میں معلوم ہوا کہ یہ واقعہ حادثہ کا نہیں بلکہ قتل کا ہے۔اس وقت کی چندرابابو نائیڈو حکومت نے وویکانند ریڈی قتل کیس کی تحقیقات کیلئے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی لیکن وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے آندھرا پولیس پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس قتل کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا۔ تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ اسے رات گیارہ بجے سے صبح پانچ بجے کے درمیان قتل کیا گیا۔ وویکانند ریڈی کے جسم پر سات گہرے زخم پائے گئے اور ان کے بستر پر خون کے نشانات بھی پائے گئے جس کی وجہ سے معاملہ مشکوک ہو گیا۔وویکانند ریڈی آندھرا پردیش کے سابق وزیر اعلی وائی ایس راج شیکھرا ریڈی کے چھوٹے بھائی تھے اور وہ آندھرا پردیش حکومت میں وزیر بھی تھے۔ وہ 1999 اور 2004 میں لوک سبھا کے رکن بھی رہے۔ 2009 میں وہ آندھرا پردیش قانون ساز کونسل کے رکن بھی رہے۔ سی بی آئی کے مطابق اس معاملے میں پہلی چارج شیٹ عدالت میں پیش کر دی گئی ہے اور کیس کی جانچ ابھی جاری ہے۔
