بیئیرٹز(فرانس)۔ 26 اگسٹ ۔ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کو ہندوستان کی بڑے پیمانے پر ایسی کوششوں کو اُجاگر کیا جو پلاسٹک کو ایک بار استعمال کرنے کے بعد تلف کردینے ، پانی کو محفوظ کرنے ، شمسی توانائی کو بروئے کار لانے اور اس طرح کے دیگر تعمیری اقدامات کے سلسلے میں جاری ہیں ۔ وہ یہاں G-7 سیشن برائے ماحولیات سے خطاب کررہے تھے ۔ مودی فرانس کے اس ٹاؤن میں میزبان صدر ایمانیول میکرن کی خصوصی دعوت پر G-7 سمٹ میں شریک ہیں۔ وزارت اُمور خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ٹوئٹ کیا کہ وزیراعظم مودی نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہندوستان اس قسم کے اقدامات کے ذریعہ ماحول کو صاف ستھرا بنانے کی پوری کوشش کررہا ہے ۔ پیرس میں گزشتہ ہفتے یونیسکو ہیڈکوارٹرس میں ہندوستانی برادری سے اپنے خطاب میں مودی نے کہا تھا کہ ہندوستان 2030 ء کے لئے مقررہ سی او پی 21 کلائمیٹ چینج گول کی بڑی حد تک آئندہ دیڑھ سال میں تکمیل کرلے گا ۔
