سری نگر۔ 24 جنوری(یو این آئی) وادی کشمیر میں یومِ جمہوریہ کی تقریبات کو پرامن، منظم اور شاندار انداز میں منعقد کرانے کے لیے غیر معمولی اور سخت ترین سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وی کے بردی نے ہفتے کے روز بخشی اسٹیڈیم میں فل ڈریس ریہرسل کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال سیکورٹی انتظامات کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے اور 26 جنوری کی تقریبات پورے امن و وقار کے ساتھ انجام پائیں۔ آئی جی پی بردی نے کہا کہ بخشی اسٹیڈیم میں منعقدہ فل ڈریس ریہرسل کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئی جس کے دوران سیکیورٹی انتظامات کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی تقریب کے علاوہ وادی کے تمام اضلاع میں ضلعی سطح پر بھی تقاریب منعقد ہوں گی، جن کے لیے یکساں طور پر سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق پولیس، سی آر پی ایف، ایس ڈی آر ایف اور دیگر سیکوریٹی یونٹس مل کر ایک مربوط حکمتِ عملی کے تحت ہائی الرٹ پر ہیں۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ یوم جمہوریہ کی تقریبات میں بھرپور انداز میں شرکت کریں۔ آئی جی پی کے مطابق، یہ تقریب عوام کے لیے کھلی ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ اپنے اہل خانہ، خصوصاً اسکول کے بچوں سمیت، اس قومی تقریب کا حصہ بنیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا تعاون نہ صرف سیکورٹی اداروں کے حوصلے کو بڑھاتا ہے بلکہ جشنِ جمہوریت کی روح کو بھی طاقت دیتا ہے ۔