وارانسی:کانگریس کا ایس آئی آر میں بڑی بے ضابطگی کا دعویٰ

   

وارانسی 6 فروری (یواین آئی) اترپردیش حکومت کے وزیررویندر جیسوال کی جانب سے ایس آئی آر میں ’ووٹ جہاد‘کے دعوی کے درمیان کانگریس نے بھی اس عمل میں بڑی بے ضابطگیوں کا الزام عائد کیا ہے ۔ جمعہ کومہانگر کانگریس کمیٹی وارانسی کے ایک وفد نے شہراتری اسمبلی حلقہ (388) میں جاری ایس آئی آر کے دوسرے مرحلے میں جانبدارانہ طریقئہ کار اور سنگین بے ضابطگیوں کا الزام لگاتے ہوئے اے ڈی ایم (سپلائی) کو ایک تفصیلی یادداشت سونپی۔ میٹروپولیٹن کانگریس کے صدر راگھویندر چوبے نے کہا کہ شہر اُتّری اسمبلی حلقہ (388) کے 451 بوتھوں پرایس آئی آر کے بعد شائع ہونے والی ڈرافٹ ووٹر لسٹ وزیر رویندر جیسوال کی جانب سے اٹھائے جا رہے سوالات، بی جے پی کے قول و فعل کے گہرے تضاد کو ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ریاست اور مرکز دونوں جگہ بی جے پی کی حکومت ہے اور پورا انتظامی نظام اسی کے ماتحت کام کر رہا ہے تو ووٹر لسٹ میں کسی بھی قسم کی گڑبڑی کی ذمہ داری براہِ راست بی جے پی حکومت اور اس کے وزرا پر عائد ہوتی ہے ۔