وارن کی ٹوپی 10,75,500 ڈالرس میں فروخت

   

ملبورن۔10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے سابق اسپنر شین وارن کی ٹسٹ کیپ 10 لاکھ 7 ہزار 5 سو ڈالرز میں نیلام ہو ئی۔آسٹریلیا کی جانب سے 145 ٹسٹ میچوں میں 708 وکٹیں حاصل کرنے والے شین وارن کی ٹسٹ کیپ (ٹوپی ) کو جنگل کی آگ کے متاثرین کی مدد کے لیے نیلام کیا گیا۔ شین وارن کی ٹسٹ کیپ 10 لاکھ 7 ہزار 5 سو ڈالرز میں نیلام ہوئی، نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم براہ راست بش فائر فنڈ میں دی جائے گی۔ وارن نے کہا ہے کہ یہ نیلامی میری توقعات سے کہیں بڑھ کرہے۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا کے جنگلات میں بڑے پیمانے پر لگی آتشزدگی کے باعث اب تک 27 افراد اور ایک ارب کے قریب چرند پرند ہلاک ہو چکے ہیں۔اس کے علاوہ جنگلات میں آتشزدگی کے نتیجے میں 2000 گھر مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں جب کہ ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر نقل مکانی کر چکے ہیں۔ وارن کے علاوہ لیجنڈری فاسٹ بولر جیف تھامسن نے بھی اپنی ٹسٹ کیپ اورسویٹر نیلامی کے لیے پیش کر دیا ہے۔علاوہ ازیں ٹینس کھلاڑیوں میں سابق عالمی نمبر ایک امریکی کھلاڑی سرینا ولیمس ،شاراپوا کے ہمراہ آسٹریلیا کے متنازعہ کھلاڑی نک کریاس نے بھی اپنے کھیل سے حاصل ہونی والی آمدنی میں سے کچھ حصہ راحت کاری کیلئے وقف کرنے کا اعلان کیا ہے۔