وارنر اب حیدرآباد کیپٹن نہیں ، ولیمسن نئے کپتان

   

لگاتار ناکامیوں سے پریشان ٹیم مینجمنٹ کا بڑا فیصلہ ۔ بیرونی کھلاڑیوں کی ترکیب میں بھی ردوبدل کا امکان

حیدرآباد : آئی پی ایل فرنچائز سن رائزرس حیدرآباد نے آج ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کپتان ڈیوڈ وارنر سے یہ ذمہ داری لے کر کین ولیمسن کو سونپ دی ہے۔ اب اگلے سبھی میچوں کے لئے حیدر آباد کے کپتان ولیمسن ہی ہوں گے۔ اس طرح آئی پی ایل کے درمیان میں سن رائزرس حیدر آباد نے ایک بڑی تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ مستقل کپتان وارنر کو ہٹاکر ولیمسن کو کپتانی سونپی گئی ہے جنھیں ٹیم کی مسلسل ناکامیوں کے سلسلے کو توڑنا ہے۔ اُنھیں اِس کے لئے بقیہ تمام میچوں کا موقع حاصل ہے۔ اب دیکھنا ہے نیوزی لینڈ کے کیپٹن حیدرآبادی ٹیم کی قیادت میں کیا نتائج فراہم کرتے ہیں۔ سن رائزرس حیدرآباد نے ولیمسن کو کپتان بنانے کی جانکاری ٹوئٹر پر دی۔ حیدرآباد مینجمنٹ نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ہم یہ اعلان کرنا چاہتے ہیں کہ اتوار کو ہونے والے میچ اور آئی پی ایل کے آئندہ سبھی میچوں کے لئے کین ولیمسن کپتان ہوں گے۔ ٹیم مینجمنٹ نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ وہ اوورسیز کامبنیشن کو کل راجستھان رائلز کے خلاف دہلی میں میچ کے لئے بدلیں گے۔ وارنر کے بارے میں فرنچائز نے کہاکہ مینجمنٹ ان کی عزت کرتا ہے اور ان تمام برسوں میں وارنر کا اثر بھی اچھا رہا ہے۔ اُمید ہے بقیہ میچوں میں وارنر میدان کے اندر اور باہر ٹیم کو سپورٹ کرتے رہیں گے۔حیدرآباد ٹیم موجودہ طور پر 6 میچوں میں صرف ایک جیت کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں سب سے نیچے ہے۔ ابتدائی چند میچوں میں ولیمسن کھیل کے لئے فٹ نہیں تھے لیکن اب وہ واپسی کرچکے ہیں اور تین میچوں میں 108 رنز بناچکے ہیں۔ جس میں 66 ناٹ آؤٹ شامل ہیں جو حیدرآباد کو سوپر اوور تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہوئے۔ اب دیکھنا ہے ولیمسن کو کپتانی کی ذمہ داری سے فارغ وارنر کی کس حد تک مدد حاصل ہوتی ہے۔