ملبورن ۔ 10 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) جارحانہ اوپنر ڈیوڈ وارنر نے آسٹریلیا کرکٹ ایوارڈ میں تیسری مرتبہ ایلن بارڈر میڈل حاصل کرلیا ہے جبکہ خاتون زمرہ میں ایلیس پیری نے دوسری مرتبہ بلنڈا کلارک ایوارڈ حاصل کرلیا ہے۔ وارنر نے اس خطاب کیلئے اپنے سابق کپتان اسٹیو اسمتھ اور گذشتہ برس کے فاتح فاسٹ بولر پیٹ کمنس کو شکست دی ہے۔ وارنر 2018ء کیپ ٹاؤن ٹسٹ کے دوران بال ٹمپرنگ کی وجہ سے ایک سالہ پابندی کا شکار ہوئے تھے تاہم انہوں نے گذشتہ برس سزاء مکمل کرنے کے بعد نہ صرف واپسی کی بلکہ سیزن کے دوران شاندار مظاہرے کئے ہیں۔ میڈل حاصل کرنے کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہاں دوبارہ میڈل حاصل کرنے کا یقین نہیں تھا کیونکہ دیگر کھلاڑیوں نے بھی بہترین مظاہرے کئے ہیں۔ وارنر نے مزید کہا کہ میرے اندر مزید بہترین کرکٹ کھیلنے کا ایک جنون تھا جس کی وجہ سے میں نے بہتر مظاہرے کئے۔ وارنر جنہوں نے سابق میں 2016ء اور 2017ء میں یہ خطابات حاصل کئے ہیں۔ وارنر آسٹریلیا کیلئے ونڈے ٹسٹ اور ٹوئنٹی 20 میں 194 مقابلے کھیلے ہیں۔ وارنر نے اسمتھ اور کمنس سے 9 ووٹوں کی برتری کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے۔ وارنر ایک سے زائد مرتبہ میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ شامل ہوچکے ہیں جس میں رکی پاونٹنگ، مائیکل کلارک، شین واٹسن اور اسمتھ شامل ہیں۔
