واشنگٹن ۔ 16 اگست (ایجنسیز) واشنگٹن میں ہندوستان کے یوم آزادی پر سکھوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ سکھوں نے ہندوستانی سفارتخانے کی عمارت کو گھیر لیا۔ خالصتان کے پرچم اٹھائے مظاہرین نے بھارت مردہ باد اور قاتل مودی کے نعرے لگائے اور ہندوستانی جھنڈے کے ٹکڑے کر کے سفارتخانے کے سامنے پھینک دیے۔ خوفزدہ ہندوستانی سفارتی عملے نے پولیس بلائی جو موقع پر کئی گھنٹے موجود رہی۔ خالصتان کونسل کے سربراہ ڈاکٹر سندھو نے کہا ہے کہ کل واشنگٹن میں خالصتان ریفرنڈم ہوگا، ریفرنڈم میں ووٹ ڈالنے کے لیے ہزاروں سکھ پہنچ رہے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب ہندوستانی پنجاب کو آزاد کرا کر خالصتان بنائیں گے۔