حیدرآباد ۔ 15 جون (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر سدرشن ریڈی نے کہا کہ بورڈ نے شہر میں مین ہولز اور دیگر پانی سے متعلق مسائل کی نگرانی کیلئے تلنگانہ پولیس سے انٹیگریٹیڈ کمانڈ کنٹرول سنٹر (ICCC) کے استعمال کیلئے اجازت دینے کی درخواست کی ہے۔ اگر پولیس بورڈ کو ٹکنالوجیز کے ساتھ سی سی ٹی ویز کے استعمال کی اجازت دے تو بورڈ کی جانب سے پانی جمع ہونے، مین ہولز اور دیگر پانی سے متعلق مسائل کو آسانی سے حل کیا جائے گا۔ سدرشن ریڈی نے کہا کہ بارش کا پانی جمع ہونے کے مقامات کی ہاٹ اسپاٹس کے طور پر نشاندہی کی گئی ہے جو شہر میں 125 ہیں۔ شہر میں مجموعی طور پر 5,76,000 مین ہولز ہیں۔ ان میں 39,678 گہرے مین ہولز ہیں۔ بورڈ کی جانب سے شہر میں واٹر گریلس کی تنصیب اور تجدید کی گئی ہے۔ ’’جہاں پرانے گریلس تھے انہیں ہم نے نئے گریلس سے بدل دیا ہے اور اس پر کاشن نوٹس پینٹ کیا ہے‘‘۔
واٹر بورڈ ایم ڈی نے کہا کہ ’’ہم نے 24 گھنٹے ایمرجنسی سرویسیس کیلئے واٹر بورڈ کے ہر ڈیویژن کیلئے 16 کنٹرول رومس قائم کئے ہیں۔ ہر ایمرجنسی ٹیم میں پانچ لوگ کام کرتے ہیں۔ جب کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو یہ ٹیمس فوری موقع پر پہنچتی ہیں۔ ان کنٹرول رومس کے ساتھ جی ایچ ایم سی کنٹرول روم بھی عوام کیلئے کام کرتا ہے‘‘۔