وبائی امراض اور آشوب چشم سے عوام پریشان نہ ہوں: ہریش راؤ

   

موثر علاج سے تدارک ممکن، محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔یکم؍ اگسٹ، ( سیاست نیوز) وزیر صحت ہریش راؤ نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ آنکھوں کے انفیکشن اور آشوب چشم سے متاثر ہونے پر پریشان نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کے مطابق بارش کے موسم میں وائرل فیور کے ساتھ ساتھ آنکھوں کے انفیکشن کے معاملات منظر عام پر آتے ہیں اور یہ نقصاندہ نہیں ہے۔ ہریش راؤ نے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے وبائی امراض اور آشوب چشم کے واقعات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہاکہ آنکھوں کا سرخ ہونا اور آنکھوں سے پانی کا بہنا اس انفیکشن کی علامات ہیں۔ عوام احتیاطی تدابیر کے ذریعہ انفیکشن سے بچ سکتے ہیں۔ ہریش راؤ کے مطابق حیدرآباد اور بعض اضلاع میں وبائی امراض اور آشوب چشم کے معاملات منظر عام پر آئے ہیں۔ ہریش راؤ نے اضلاع کے عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں انہوں نے سرکاری دواخانوں میں علاج کی بہتر سہولتوں اور عوام میں شعور بیداری مہم کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ موثر علاج کے ذریعہ انفیکشن پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بستی اور پلے دواخانوں میں بھی وبائی امراض کیلئے درکار ادویات فراہم کی جائیں۔ ہریش راؤ نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ انفیکشن کے بارے میں عوام میں پائے جانے والے خوف کو دور کریں۔ اس موقع پر ہریش راؤ نےANM کے امتحانات انگلش کے ساتھ ساتھ تلگو میں منعقد کرنے کی ہدایت دی۔ تلنگانہ اسٹیٹ میڈیکل ہیلت سرویسس ریکروٹمنٹ بورڈ کی جانب سے 5204 اسٹاف نرس کے عہدوں کیلئے چہارشنبہ کو امتحان منعقد ہوگا۔