حیدرآباد۔8 ۔ستمبر (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میں موسلادھار بارش اور وبائی امراض میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مٹی سے آلودہ پانی کے راست استعمال سے گریز کریں ۔ مینجنگ ڈائرکٹر میٹرو واٹر ورکس دانا کشور نے کہا کہ امراض سے بچاؤ کے لئے ضروری ہے کہ پانی کو گرم کرنے کے بعد استعمال کیا جائے ۔ موسلادھار بارش کے نتیجہ میں شہر کے کئی علاقوں میں برساتی نالوں اور سیوریج لائینس کے مسائل پیدا ہوگئے اور آبرسانی پائپ لائین میں بارش کا پانی داخل ہوگیا ۔ کئی علاقوں میں نلوں سے مٹی کے رنگ کا پانی سربراہ کیا جارہا ہے اور غریب افراد صفائی کے بغیر ہی اس پانی کا استعمال کر رہے ہیں۔ دانا کشور نے کہا کہ وبائی امراض سے بچنے کیلئے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کرتے ہوئے صارفین کو صاف پانی کی سربراہی کے اقدامات کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں بھی پائپ لائین میں خرابی پیدا ہوگئی ہے ، اسے فوری درست کیا جائے ۔ اس کے علاوہ ذخیرہ آب سے آنے والے پانی کی صفائی کا انتظام ہو ۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ مختلف علاقوں سے آلودہ پانی کے نمونے حاصل کریں اور ان کا ٹسٹ کرتے ہوئے پائپ لائین کی درستگی کا کام انجام دیا جائے ۔ آلودہ پانی سے متاثرہ علاقوں میں ٹینکرس کے ذریعہ سربراہی کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ عوام میں کلورین کے ٹیبلیٹس تقسیم کئے جارہے ہیں۔ دانا کشور نے کہا کہ پانی میں مٹی کی آمیزش سے عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ایسے پانی کو ابال کر استعمال کرنا صحت کے لئے بہتر رہے گا۔ پانی سے متعلق کسی بھی شکایت کے لئے عوام 155313 فون نمبر ڈائل کرسکتے ہیں۔ R