حیدرآباد ۔30۔مارچ (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان جی نرنجن نے وزیراعظم اور چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ مستقبل میں کورونا وائرس جیسے وبائی امراض سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی طئے کرنے کل جماعتی اجلاس طلب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف حکومت کو بلکہ عوام کو چوکس رکھنے کیلئے کل جماعتی اجلاس میں اپوزیشن سے رائے حاصل کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ نقل مقام کرنے والے ورکرس اور سفید راشن کارڈس سے محروم غریبوں کی مدد کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومت کو چاہئے کہ وہ صرف اعلانات کے بجائے ایسے غریبوں کیلئے اناج ، غذا اور رقمی امداد کا اعلان کریں۔ ملک بھر میں مزدور اپنے آبائی مقام کیلئے روانہ ہورہے ہیں۔ ہزاروں مزدور پیدل سفر کرتے ہوئے اپنی منزل پہنچنا چاہتے ہیں ۔ نرنجن نے کہا کہ اترپردیش حکومت نے ورکرس کی منتقلی کیلئے بسوں کا انتظام کیا ہے۔ تلنگانہ اور دیگر ریاستوں کو اسی طرح کے انتظامات کرنے چاہئے ۔ 21 دن کے بعد لاک ڈاون کے خاتمہ کی کوئی گیارنٹی نہیں ، لہذا غیر مقامی مزدور قیام کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔ سفید راشن کارڈ پر چاول اور امداد کا اعلان ہوئے 6 دن ہوگئے لیکن آج تک عمل آوری نہیں ہوئی ہے۔ نرنجن نے راشن کارڈ کی شرط کے بغیر تمام غریبوں کو چاول اور دیگر ضروری اشیاء سربراہ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ کانگریس کی جانب سے وزیراعظم نریندر مودی ، چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ، مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی اور مرکزی وزیر سنتوش گانگوار سے نمائندگی کی گئی ہے۔