شہری علاقوں کی طرز پر دیہی علاقوں کی ترقی۔ کے ٹی آر کا دعویٰ
حیدرآباد : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں کے اطراف صاف صفائی کا خاص خیال رکھتے ہوئے وبائی امراض کو پھوٹ پڑنے سے روکنے میں حکومت سے تعاون کریں۔ ویملواڑہ میونسپلٹی کے 10 ویں وارڈ میں منعقدہ پٹنہ پرگتی پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہاکہ ریاست میں موسم برسات کا آغاز ہوگیا۔ وبائی امراض پھیلنا عام بات ہے مگر ہم اپنے اطراف و اکناف کے علاقوں کو صاف ستھرا رکھتے ہوئے اس پر قابو پاسکتے ہیں۔ سڑکوں پر جھاڑوں کے علاوہ گھر کے قریب موجود پانی کے مقامات کو صاف رکھنے کی کے ٹی آر نے اپیل کی۔ انھوں نے کہاکہ علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد شہری علاقوں کے مساوی دیہی علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ حکومت کی جانب سے مقامی اداروں کو ماہانہ فنڈس دیئے جارہے ہیں تاکہ ترقیاتی کاموں میں تیزی پیدا کی جاسکے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے دیہی علاقوں کو ترقی دینے اور عوامی مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کے لئے پلے باٹا پٹنہ باٹا پروگرامس کا آغاز کیا ہے جو 10 جولائی تک جاری رہے گا۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے کہاکہ مشن بھگیرتا کے پائپ لائن کے کام 60 فیصد مکمل ہوگئے ہیں۔ دسہرہ سے قبل ویملواڑہ شہر میں موجود 14 ہزار خاندانوں کو نل کے ذریعہ پانی سربراہ کیا جائے گا۔