ضلع کے قائدین کی تائید حاصل، غیر مقامی قائدین کی کامیابی کی روایت
حیدرآباد ۔ 6۔ فروری (سیاست نیوز) ضلع کھمم سے تعلق رکھنے والے کانگریس قائدین لوک سبھا حلقہ کھمم سے فلم اسٹار وجئے شانتی کے مقابلہ کیلئے مہم کا آغاز کرچکے ہیں۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان مانو تارائے نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر وجئے شانتی کھمم سے مقابلہ کرتی ہے تو وہ استقبال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وجئے شانتی ملک بھر میں فلم اسٹار کی حیثیت سے اپنی شناخت رکھتی ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ تحریک کے دوران بھی جہد کار کے طور پر اپنی خدمات انجام دیں ۔ تلنگانہ تحریک میں ان کے اہم رول کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ مانو تارائے نے کہا کہ کھمم سے کئی مرتبہ غیر مقامی قائدین کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ راہول گاندھی کو وزیراعظم بنانے اور وجئے شانتی کی کامیابی کیلئے وہ مساعی کریں گے۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں حلقہ اسمبلی ستو پلی سے مقابلہ کرنے کیلئے مانو تارائے نے ٹکٹ کی خواہش کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ راہول گاندھی سے اس بات کی خواہش کریں گے کہ انہیں ورنگل لوک سبھا کی نشست الاٹ کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کھمم ضلع میں ٹی آر ایس کو اسمبلی انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور مہا کوٹمی نے شاندار مظاہرہ کیا ۔ ایسے میں وجئے شانتی کے مقابلہ سے پارٹی مزید مستحکم ہوگی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ کھمم لوک سبھا نشست سے کانگریس کی کامیابی ہوگی ۔ واضح رہے کہ وجئے شانتی سابق میں لوک سبھا حلقہ میدک سے منتخب ہوچکی ہیں۔