وجئے واڑہ کے متاثرہ علاقوں میں چندرا بابو نائیڈو کا دورہ

   

بارش کے امکانات کے پیش نظر کلکٹرس کو چوکسی کی ہدایت، بنگلور میں بیٹھ کر حکومت پر جگن کی تنقید
حیدرآباد9ستمبر(سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے آندھراپردیش کے ضلع کلکٹرس کو چوکسی کی ہدایت دی کیونکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں میں بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے پرکاشم ، وجئے نگرم ، وشاکھاپٹنم ، کاکیناڈا اور مشرقی گوداوری کے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ٹیلی کانفرنس میں صورتحال کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ بارش اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے ریاست ابھی ابھری نہیں تھی کہ محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے امکانات کے پیش نظر ضلع نظم و نسق کو چاہئے کہ عوام کو محفوظ مقامات منتقل کریں۔ چندرا بابو نائیڈو نے پانی سے گھرے ہوئے علاقوں میں امدادی سامان پہنچانے کیلئے ڈرون ٹکنالوجی کے استعمال کی ہدایت دی۔ وجئے واڑہ کے کئی علاقوں میں ڈرون کے ذریعہ ادویات اور غذا سربراہ کی جاچکی ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے برقی سربراہی کی بحالی کے اقدامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی بھی مستحق خاندان کو امداد سے محروم نہیں کرے گی۔ چندرا بابو نائیڈو نے آج وجئے واڑہ کے کئی متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی۔ انہوں نے ریاستی وزراء اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ امدادی کاموں میں کوئی کوتاہی نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 9 دنوں سے وجئے واڑہ کے مختلف علاقوں میں عوام پریشان ہیں۔ حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد کی جارہی ہے۔ وائی ایس جگن موہن ریڈی کی جانب سے حکومت پر تنقیدوں کو مسترد کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں عوام کی مدد کرنے کے بجائے بنگلور میں بیٹھ کر حکومت پر تنقید کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جگن موہن ریڈی حکومت نے بھاری قرض حاصل کیا لیکن عوام کی بھلائی کو نظر انداز کردیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اپنی ناکامیوں کی پردہ پوشی کیلئے حکومت کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے متاثرہ علاقوں کے عوام کو تیقن دیا کہ حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ 1