دودھ کی مقدار میں اضافہ کی کوشش ، مینیجنگ ڈائریکٹر ٹی ایس ڈی ڈی سی ایف کا بیان
حیدرآباد۔ 9 جنوری (سیاست نیوز) وجئے ڈیری نے تلنگانہ بالخصوص شہر حیدرآباد میں دودھ کی فراہمی کے ساتھ ساتھ نچلی سطح پر کاروبار کو وسعت دینے کا آغاز کردیا ہے۔ میدک، سنگاریڈی اور عادل آباد اضلاع میں فی الوقت پانچ نئی ڈیریوں کے آغاز کیلئے انتظامات جاری ہیں۔ میدک میں 10 ہزار لیٹرس کی گنجائش والے پلانٹ کی تنصیب مکمل کرلی گئی ہے جبکہ کریم نگر ڈیری کوآپریٹیو سوسائٹی کے حدود میں واقع متحدہ ضلع عادل آباد دس ماہ قبل ہی مکمل طور پر وجئے ڈیری کے ہاتھ میں آچکا ہے۔ دودھ وافر مقدار میں پائے جانے کے پیش نظر اس ضلع میں 17 ملک چلنگ سنٹرس، نرمل میں 10 ہزار لیٹر آصف آباد میں (3 ہزار لیٹرس) ، عادل آباد میں 20 ہزار لیٹر گنجائش کے حامل چلنگ پلانٹس قائم کرنے کا وجئے ڈیری نے فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے سے ریاستی حکومت کو واقف کرتے ہوئے 18 کروڑ روپیوں پر مشتمل تجاویز حکومت کو پیش کئے گئے۔ رقومات کی اجرائی کے ساتھ ہی کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔ ضلع سنگاریڈی کے جکل موضع میں 4 ایکڑ اراضی رقبہ پر 40 ہزار لیٹرس کی گنجائش پر مشتمل چلنگ پلانٹ تعمیر کیا جائے گا اور 4.45 کروڑ روپیوں کا تخمینہ کرتے ہوئے شروع کئے گئے ان کاموں کی تکمیل کیلئے تیزی پیدا کی گئی ہے اور مارچ تک ان کاموں کو مکمل کرکے پلانٹ کا افتتاح عمل میں لایا جائے گا۔ نئے پلانٹس کے قیام سے معیاری دودھ کی فراہمی کے علاوہ ڈیری کی کارکردگی کو موثر و فعال بنانے میں مدد ہونے کا مینیجنگ ڈائریکٹر تلنگانہ اسٹیٹ ڈیری ڈیولپمنٹ کوآپریٹیو فیڈریشن (ٹی ایس ڈی ڈی سی ایف) سرینواس راؤ نے اظہار کیا اور بتایا کہ بالخصوص میدک سنگاریڈی اضلاع سے پیکنگ کیلئے اب حیدرآباد آنے کی ہرگز کوئی ضرورت نہیں رہے گی۔ اس طرح تلنگانہ میں دودھ کی مقدار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔