ورا ورا راؤ کی صحت میں ابتری ‘ افراد خاندان متفکر

   

حیدرآباد۔/30مئی، ( سیاست نیوز) مہاراشٹرا کی جیل میں قید انقلابی ادیب ورا ورا راؤ کی حالت دن بہ دن بگڑتی جارہی ہے۔ کل صحت بگڑنے پر انہیں جے جے ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا اور اب ان کی صحت کے تعلق سے افراد خاندان اور سماجی تنظیموں میں تشویش ہے۔ کل رات ورا ورا راؤ کو ہاسپٹل منتقل کرنے کی اطلاع کے بعد کمشنر پولیس نے افراد خاندان کو پاس فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی تاکہ وہ مہاراشٹرا پہونچ سکیں تاہم آج ان کی دختر پوانا نے کہا کہ پاس ملنے کے باوجود انہیں والد سے اس ملاقات کیلئے عدالت کی اجازت درکار ہوگی ۔ پوانا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ اور مرکزی وزیر داخلہ سے درخواست کی کہ وہ ان کے والد کو ضمانت دلانے میں مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ والد سے ویڈیو کال پر بات کروائی جارہی ہے۔ گذشتہ تین روز سے ان کی صحت خراب ہے اور ہاسپٹل میں اور جیل میں کیا ہورہا ہے اس کا کوئی علم نہیں ۔ آج سکریٹری سی پی آئی ایس سدھاکر ریڈی نے ورا ورا راؤ کی رہائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ان کا علاج حیدرآباد میں کروایا جائے۔