حیدرآباد، یکم اپریل (یواین آئی) نئی دہلی میں حالیہ ویمنس ورلڈ باکسنگ چمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے والی نکہت زرین کی قومی دارالحکومت سے اپنی ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کو آج واپسی پر شمس آبادایرپورٹ پر ان کا شانداراستقبال کیاگیا۔ کھلی جیپ میں ریاستی وزیر اسپورٹس سرینواس گوڑ اور دیگر کے ساتھ ان کو لے جایاگیا۔ وزیرموصوف نے ان کو تہنیت اورمبارکباد پیش کی۔اس موقع پر سرینواس گوڑنے میڈیا سے کہا کہ تلنگانہ کی دخترنے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ کے تعاون سے عالمی سطح پر شناخت بنائی ہے اور ہندوستان کا نام اونچا کیا ہے ۔تلنگانہ کو ریاست کا درجہ ملنے کے بعدکھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر کھیل کی بہتر پالیسی تیار کررہے ہیں اور اکیڈیمیز کا قیام عمل میں لارہے ہیں۔ عالمی سطح پر اپنی شناخت بنانے والی نکہت کو اکیڈیمی کے قیام کیلئیحکومت کی جانب سے تعاون کیاجائے گاکیونکہ عالمی سطح پر باکسنگ کے مقابلوں میں حصہ لینے کئی باکسرس کو تیار کرنے کی طاقت نکہت میں ہے۔ اسی لئے چیف منسٹر نے ان کیلئے ڈی ایس پی کی ملازمت کا اعلان کیا ہے ۔تلنگانہ ریاست میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے جس کی نظیر ملک کی کسی بھی ریاست میں نہیں ملتی۔ ایسے کھلاڑیوں کو نظرمیں رکھتے ہوئے جلد ہی بہتر اسپورٹس پالیسی بنائی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں نکہت اولمپک میڈل بھی حاصل کریں گی۔قبل ازیں نظام آباد ضلع میں بھی نکہت زرین کی حوصلہ افزائی اُس وقت کی رکن پارلیمنٹ نظام آباد کویتا نے کی تھی۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کے ہر بچہ کیلئے نکہت مثال ہے ۔نکہت نے ان کا استقبال کرنے کیلئے آئے سرینواس گوڑ اوردیگر کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ انہیں کافی خوشی ہورہی ہے ۔انہوں نے ہمیشہ تعاون کرنے پر چیف منسٹر کے سی آر، رکن قانون ساز کونسل کویتا سے اظہار تشکر کیا۔ان کے تعاون کی وجہ سے ہی وہ دوسری مرتبہ ورلڈ چمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرپائی ہیں۔ ہندوستان اورتلنگانہ کیلئے کامیابی پر وہ کافی خوش ہیں۔اگر اسی طرح کا تعاون ان کے شامل حال رہا تو وہ اولمپکس میں بھی گولڈ میڈل جیتیں گی۔ملک میں مقامی عوام کی موجودگی میں بہتر مظاہرہ کرنا ان کیلئے کافی خاص موقع رہا ہے۔ پوسٹر گرل کے طورپر اپنے ملک کیلئے گولڈ میڈل حاصل کرپائی ہیں۔اس پر وہ کافی خوش ہیں۔