ورلڈ کپ سے قبل 12 مقابلے اور ہندوستان کے 10 مسائل

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی ۔ ہندوستانی ٹیم کیلئے ورلڈ کپ کی الٹی گنتی بھی ویسٹ انڈیز سے ونڈے سیریز سے شروع ہو گئی ہے۔ اس دوران ٹیم کو نہ صرف چند میچ کھیلنے ہیں بلکہ کئی اہم سوالوں کے جواب بھی تلاش کرنے ہیں۔ ویسٹ انڈیز سے ونڈے ورلڈ کپ تک ہندوستان کو 12 میچز کھیلنے ہیں اور ان 12 میچوں میں 10سوالات (مسائل ) کے جوابات تلاش کرنے ہوں گے۔ کیونکہ ان سوالوں کے جواب دینے سے ہی ٹیم کو تیسری بار ونڈے کرکٹ کا چمپئن بننے کا راستہ مل جائے گا۔ ورلڈ کپ سے قبل ہندوستان کے 12 ونڈے مقابلوں میں 3 ویسٹ انڈیز کے خلاف ، دوسری جانب ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے پر ہندوستان کو وہاں جملہ 6 میچزکھیلنے کا موقع ملے گا۔ اس کے علاوہ باقی 3 میچز ایشیا کپ کے بعد اور ورلڈ کپ سے عین قبل آسٹریلیا کے خلاف ونڈے سیریز کے ہوں گے۔ ان مقابلوں میں جو اہم سوال ہوں گے وہ یہ ہیں۔
پہلا سوال: تیسرا اوپنر کون ہوگا؟ ہندوستانی ٹیم کے پاس اس کے لیے شکھر دھون، رتوراج گائیکواڑ اور ایشان کشن کی شکل میں تین متبادل ہیں لیکن جواب یہ ہے کہ تینوں میں سے بہتر کون ہے؟
دوسرا سوال: وکٹ کیپر کون ہوگا؟ اب ایسا لگتا ہے کہ رشبھ پنت ورلڈ کپ میں نہیں ہوں گے ، لہذا کے ایل راہول اور سنجو سیمسن میں سے کس کو وکٹ کیپرکے طور پر منتخب کرنا ہے، اس کا فیصلہ بھی 12 میچوں کے اختتام پرکرنا ہوگا۔
تیسرا سوال: نمبر 4 پر کون کھیلے گا؟ اس جگہ پر کھیلنے کے لیے ٹیم میں دو بڑے دعویدار ہیں لیکن سوریہ کمار یادو اور شریاس ایر میں وہ کون ہوگا، اس کا جواب ٹیم کو تلاش کرنا ہوگا۔
چوتھا سوال: ہاردک پانڈیا کا متبادل کون ہے؟ یہ ٹیم کے مفاد میں ہوگا کہ پانڈیا زخمی نہ ہوں لیکن اگر وہ زخمی ہو جاتے ہیں توکیا ٹیم کے پاس اس آل راؤنڈ کا کوئی متبادل ہے؟ یہ سوال ٹیم کے سامنے بہت اہم ہے۔
پانچواں سوال: کلدیپ اور چہل کی جوڑی کھیلے گی یا نہیں؟ اعداد و شمار یہ بتاتے ہیں کہ کلدیپ اور چہل کی جوڑی نے مخالف بیٹرس کو کافی پریشان کیا ہے لیکن کیا وہ ونڈے ورلڈ کپ میں بھی جوڑی کی شکل میں کھیلیں گے؟
چھٹا سوال: بمراہ کا کیا ہوگا؟ یہ ایک بڑا سوال ہے کیونکہ اب تک ٹیم کے کپتان کے پاس بھی اس کا جواب نہیں ہے۔ اگر ٹیم کو ونڈے ورلڈ کپ میں بمراہ کو کھلانا ہے تو انہیں میچ پریکٹس کرنی ہوگی، جس سے روہت شرما بھی متفق ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ ایساکب ہوگا؟
ساتواں سوال: ہندوستانی ٹیم کا بائیں ہاتھ کا فاسٹ بولرکون ہوگا؟ ہندوستان کے پاس دائیں ہاتھ کے بولروں کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن وہ بائیں ہاتھ کا بولرکون ہوگا، جو ورلڈ کپ میں ٹرمپ کارڈ بھی ثابت ہوسکتا ہے۔
آٹھواں سوال: اگر ٹیم ٹاس ہارگئی تو کیا ہوگا؟ ونڈے ورلڈ کپ ہندوستانی میدانوں پرکھیلا جانا ہے۔ موسم سردیوں کا ہوگا۔ یعنی اوس بھی گرے گی۔ ایسے میں اگر آپ ٹاس جیتیں گے تو ٹاس ہاریں گے تو کیا ہوگا؟ اس پر بھی غور کرنا ضروری ہے۔
نواں سوال: کیا پنت واپسی کریں گے؟ ویسے ہرکوئی یہ جاننا چاہتا ہے کہ رشبھ پنت نے صحت یاب ہونا شروع کردیا ہے لیکن کیا ان کی صحت یابی اتنی تیز ہے کہ وہ ورلڈ کپ کھیل سکتے ہیں۔ اگر ہاں توکیا وہ ورلڈ کپ سے پہلے بھی کچھ میچ کھیل سکتے ہیں؟
10واں سوال: سراج کے حوالے سے کیا منصوبہ ہے؟ محمد سراج کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ونڈے سیریز سے آرام دیا گیا ہے لہذا بڑا سوال یہ ہے کہ انہیں ورلڈ کپ میں لے جانے کا کیا منصوبہ ہے؟ کیا وہ ورلڈ کپ کے منصوبے کا حصہ ہے یا نہیں؟