ورلڈ کپ میں ہند۔پاک مقابلے کی تبدیلی کا کوئی منصوبہ نہیں:آئی سی سی

   

لندن ۔20 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے ہندوستان اور پاکستان کی حالیہ کشیدگی کے حوالے سے کہا کہ ورلڈ کپ 2019ء کا کوئی میچ منسوخ نہیں کیا جارہا اور نہ ہی اس ایونٹ کے شیڈول میں تبدیلی کی کوئی وجہ ہے۔ ڈیو رچرڈسن نے مزید کہا کہ پی سی بی اور بی سی سی آئی کے ساتھ مل کر صورتحال پر ہماری نظر ہے تاہم ورلڈ کپ کا کوئی میچ منسوخ نہیں کیا جارہا اور نہ ہی ورلڈ کپ کے شیڈول میں تبدیلی کی کوئی وجہ ہے، تمام مقابلے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ ورلڈ کپ ٹورنمنٹ ڈائریکٹر اسٹیو ایلورتھی نے کہا ہے کہ ہند۔پاک میچ اس ٹورنمنٹ کا سب سے نمایاں مقابلہ ہوگا، اس مقابلے کے حوالے سے کافی جوش وخروش پایا جاتا ہے، اس کوکروڑوں لوگ دیکھتے اور اس کی ٹکٹوں کیلئے ہزاروں کی تعداد میں لوگ منتظر ہیں۔ ڈیو رچرڈسن اور ایلورتھی کو اس حوالے سے ایسا کوئی بھی خدشہ نہیں کہ ہند۔پاک میچ ورلڈ کپ کے شیڈول سے نکالا جا سکتا ہے۔قبل ازیں پلوامہ دہشت گرد حملے کے بعد کئی گوشوں سے ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف مجوزہ مقابلے کے بائیکاٹ کی آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف مقابلے کے بائیکاٹ کی حمایت میں انتظامیہ کے چند عہدیداروں کے علاوہ کئی ایک سابق کھلاڑیوں جن میں ہربھجن سنگھ بھی شامل ہیں سب نے پاکستان کے خلاف مقابلے کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈکپ کا 100 روزہ کاونٹ ڈاون شروع کر دیا تھا ۔ شاندار ریکارڈز نے ایونٹ کو ابھی سے یادگار بنا دیا۔

آئی سی سی نے ورلڈکپ کا 100 روزہ کاونٹ ڈاون کرتے ہوئے ایونٹ کو یادگار بنانے کیلئے شاندار ریکارڈز شائع کئے ہیں تاکہ شائقین کی دلچسپی کو اور بھی بڑھایا جاسکے۔ کرکٹ کے سوپر میگا ایونٹ میں ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر 6 سنچریوںکے ساتھ سرفہرست ہیں۔ فی کس 5 سنچریاں بنانے والے بیٹسمینوں میں رکی پونٹنگ اور کمارسنگا کارا موجود ہیں۔ ورلڈ کپ 2015ء میں سب سے زیادہ 38 سنچریاں بنیں۔ آئرلینڈ کے کیون اوبرائن نے 2011ء کے ورلڈ کپ میں 50 گیندوں پر تیزترین سنچری ا سکور کی۔ آئرلینڈ ہی کے بیٹسمین پال ا سٹرلنگ 20 سال اور 196 دن کی عمر میں ورلڈ کپ سنچری بنا کر کم عمر ترین کھلاڑی بنے۔ 38 سال اور 135 دن کے سری لنکن لیجنڈ ری تلکا رتنے دلشان عمر رسیدہ سنچری بنانے کا اعزاز اپنے نام رکھتے ہیں۔ آسٹریلیا کے بیٹسمینوں کو سب سے زیادہ 26 سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ لیجنڈری رکی پونٹنگ نے بطور کپتان ورلڈکپ 2003ء کے فائنل میں 140 رنز کی شاندار ناٹ آوٹ اننگز کھیل کر ایونٹ کو یادگار بنا دیا تھا جو کسی بھی فائنل میں کپتان کی جانب سے بڑی سنچری کا ریکارڈ ہے۔

پاکستان سے کرکٹ تعلقات پر
پابندی کے اشارے
نئی دہلی۔20 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) حکومت ہند نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے پر مکمل پابند ی عائد کرنے کے اشارے دیئے ہیں۔ قانو ن اور انصاف کے وزیر روی شنکرپرساد نے ٹی وی چینل سے کہاکہ دہشت گردی اور کرکٹ ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔پرساد نے کہاکہ غور توکرنا پڑے گا۔ یہ پپیاں، جھپیاں اور کرکٹ کے چھکے کے ساتھ دہشت گردی کے واقعات میں شہدا کی لاشیں آنا کتنے دن چلے گا۔وہ پڑوسی ملک پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے پر پابندی کی مانگ سے متعلق ایک سوال کا جواب دے رہے تھے ۔وزیر قانون نے کہا کہ حالانکہ اس بارے میں کرکٹ انتظامیہ کو آخری فیصلہ کرنا ہے اور اسکے لئے بین الاقوامی عمل موجود ہے ۔