ورلڈ کپ کا بہترین کھلاڑی کون،نئی بحث کا آغاز

   

لندن۔25 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ 2019 کا آغازہونے کو ہے اورکرکٹ کا بخار ہر جگہ نظر آ رہا ہے، ایسے میں کرکٹ کے مداح،سابق کھلاڑی اورتجزیہ نگاروں سمیت سبھی اپنی اپنی رائے کے مطابق بہترین بیٹسمین اور بولروں کے انتخاب کے لئے اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔ آسٹریلیا کے سابق کھلاڑی مارک وانے رواں ماہ انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والے ورلڈ کپ 2019 کے متعلق اپنا تجزیہ دیتے ہوئے 3 بیٹسمینوں کو بہترین قرار دیا ہے۔ مارک وانے 3 بہترین کھلاڑیوں کو منتخب کرتے ہوئے ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کو پہلا مقام دیا ہے جبکہ انگلینڈ کے جارحانہ بیٹسمین جوزبٹلر کودوسر ا اور آسٹریلیا کے اوپنر ڈیوڈ وارنرکو تیسرے مقام پر رکھا ہے۔ ویراٹ کوہلی اس مرتبہ اپنا تیسرا ورلڈ کپ کھیلیں گے جوزبٹلر انگلینڈ ٹیم کے بہترین کھلاڑی مانے جاتے ہیں اور دوسری ٹیموں کے لیے ایک بڑا چیلنج ثابت ہونگے۔ رواں ماہ کے آغازپر بٹلر نے پاکستان کے خلاف 50 گیندوں پر سنچری بنائی جبکہ رواں سال فروری میں 77 گیندوں پر 150 رنز بھی بنا چکے ہیں،یہی وجہ ہے کہ پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے بھی بٹلرکواپنی ٹیم میں دیکھنے کی خوا ہش ظاہر کی ہے۔ مارک وا نے تیسرے بیٹسمین کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہاکہ اگر اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر میں سے کسی ایک کو بہتر قرار دینا ہو تو میں ڈیوڈ وارنرکا نام لونگا۔ ڈیوڈ وارنر نے آئی پی ایل میں 12 میچز کے دوران 692 جبکہ اسٹیو اسمتھ نے 319 رنز اسکور کیے ہیں۔ رواں سال آئی پی ایل سے واپسی پرورلڈ کپ کی تیاری کے دوران وارم اپ میچز میں اسٹیو اسمتھ نے بہترین کارکردگی دکھائی جبکہ ڈیوڈ وارنر بہترنہیں کھیل سکے۔ورلڈ کپ 2019 کیلیے تیسرے بہترین بیٹسمین ڈیوڈ وارنر نے 3 وارم اپ میچز میں 53 رنز بنائے جبکہ اسٹیو اسمتھ نے 278 رنز بنائے اور2 میچز میں ناٹ آوٹ رہے۔