آکلینڈ۔24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان برینڈن میکلم نے کہا ہے کہ میرے خیال میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو ملتوی کر دیا جائے گا۔ میکلم نے اپنے ایک بیان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر دنیا بھر میں جاری لاک ڈاون سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو اگلے برس تک کے لیے ملتوی کرنے کی ضرورت ہے، میرے خیال میں ورلڈ کپ کو ملتوی کر دیا جائے گا۔برینڈن میکلم نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ موجودہ حالات میں خطرے سے دوچار ہے، میں بند اسٹیڈیمز میں بھی ورلڈ کپ ہوتا ہوا نہیں دیکھ رہا۔انہوں نے کہا ہے کہ16 ٹیموں، اسپورٹ اسٹاف اور براڈ کاسٹرز کو اکٹھا کرنا آسٹریلیا کے لیے مشکل ہو گا۔واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک شیڈول ہے جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی چیف ایگزیکٹوز اجلاس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو تاحال وقت کے مطابق قرار دیا گیا ہے۔
