یادگار شہیداں اور ضلع نظام آباد کی سڑکوں کے تعمیرات کی بھی جانچ ، محکمہ عمارات و شوارع میں ہلچل
حیدرآباد ۔ 4 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی محکمہ عمارات و شوارع میں ویجلنس کی تحقیقات نے ہلچل پیدا کردی ہے ۔ ورنگل میں تعمیر ہونے والے سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کی تعمیری لاگت میں اضافہ سے متعلق دستاویزات ویجلنس عہدیداروں نے ضبط کرلیا ہے ۔ مزید دیگر دو معاملات پر کسی بھی وقت تفتیش شروع ہوسکتی ہے ۔ ورنگل میں 24 منزلہ عمارت جس کا رقبہ تقریبا 21 لاکھ مربع فٹ ہے 2100 بیڈس پر مشتمل سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کی تعمیر کے لیے بی آر ایس حکومت نے 2021 میں سنگ بنیاد رکھا ہے ۔ اس وقت 1100 کروڑ روپئے سے ہاسپٹل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ مارچ 2025 تک ہاسپٹل تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ۔ ہاسپٹل کی تعمیری لاگت میں اچانک 626 کروڑ روپئے کا اضافہ کردیا گیا ۔ کانگریس کے برسر اقتدار آنے کے بعد اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ اضافہ شدہ تخمینہ اخراجات کے لیے کوئی سرکاری احکامات جاری نہیں کئے گئے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے حالیہ دورے ورنگل کے دوران کئی عوامی منتخب نمائندوں نے شکایت کی کہ تعمیری لاگت میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر نے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ تعمیری لاگت میں جو اضافہ کیا گیا ہے ۔ سرکاری احکامات جاری کئے گئے ہیں یا نہیں اس کی تحقیقات کریں ۔ عہدیداروں نے جانچ کے بعد حکومت کو رپورٹ پیش کی ہے کہ تعمیری لاگت میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ تاہم اس کے سرکاری احکامات جاری نہیں کئے گئے ۔ متعلقہ دستاویزات حکومت کو روانہ کردئیے گئے ۔ ریاستی وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے ویجلنس عہدیداروں کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس کی تحقیقات کرنے کا حکم دینے کی اطلاعات وصول ہوئی ہے ۔ احکامات کی اجرائی کے بعد ہی ویجلنس عہدیداروں نے ورنگل پہونچ کر اس کی تحقیقات شروع کردی ہے ۔ محکمہ عمارات و شوارع کے ہیڈ آفس کو ہاسپٹل کی تعمیرات سے متعلق دستاویزات پہونچ گئے ہیں ۔ محکمہ عمارات و شوارع کے عہدیداروں نے بتایا کہ مزید دیگر دو معاملات کی بہت جلد تحقیقات کا آغاز ہوگا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ سکریٹریٹ کے قریب تعمیر کردہ یادگار شہیداں کی تعمیری لاگت میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہونے کی وجوہات کی ویجلنس تحقیقات کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بحیثیت رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے تخمینہ شدہ اخراجات میں اضافہ کے تعلق سے اس وقت کی بی آر ایس حکومت کو پہلے ہی مکتوب روانہ کیا تھا ۔ بی آر ایس کے دوسری مرتبہ حکومت تشکیل دینے کے بعد ضلع نظام آباد کے لیے منظور کردہ زیادہ تر سڑکوں کی تعمیر کے بارے میں بھی شکایتیں وصول ہوئی ہیں ۔ پہلے اس کی محکمہ جاتی تحقیقات کرتے ہوئے حکومت کو رپورٹ دی گئی ہے ۔ اس کی بھی ویجلنس عہدیدار تحقیقات کرنے کا علم ہوا ہے ۔۔ 2