ورنگل ۔/17جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )جواہر لال نہرو اسٹیڈیم ہنمکنڈہ میں ورنگل پولیس کمشنریٹ کے تیسرے اسپورٹس اینڈ گیمس میٹ 2025کاورنگل پولیس کمشنر امبر کشور جھا نے بہ حیثیت مہمان خصوصی افتتاح انجام دیا ۔اس موقع پر پولیس کھلاڑیوں کی جانب سے مارچ فاسٹ کا اہتمام کیا گیا اور پولیس کمشنر نے اسپورٹس گرائونڈ میں کھیلوں کا پرچم لہرایا۔کبوتر اور غبارے آسمان پر چھوڑے اور پولیس کھلاڑیوں کی جانب سے لائی گئی اسپورٹس ٹارچ پولیس کمشنر کو پیش کی گئی ۔اس کے علاوہ کمشنر آف پولیس نے ان کھیلوں کی افتتاحی تقریب کے موقع پر مردوں اور خواتین کے لئے منعقد کئے گئے 800میٹر دوڑ کے مقابلوں کے ساتھ والی بال گیمز کا افتتاح کیا ۔پولیس کمشنر نے اس موقع پر ان کھیلوں میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لینے والے کھلاڑیوں اور کھیلوں کے منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان تین روزہ کھیلوں میں ورنگل پولیس کمشنریٹ کے تین زونس سے پولیس کھلاڑیوں کی کل 6ٹیمیں 12کھیلوں میں حصہ لے گی ۔ان کھیلوں میں صلاحیتوں کا بہتر مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں سے جلد ہی منعقد ہونے والے ریاستی سطح کے کھیلوں میں شرکت کریں گے ۔