حیدرآباد 11جولائی ( یواین آئی ) سابق انٹلی جنس سربراہ پربھاکر راؤ، جو فون ٹیاپنگ کیس میں اہم ملزم ہیں، نے تحقیقاتی عہدیدار کو مکتوب روانہ کیا ۔ انہوں نے23 جون کو جوبلی ہلز اے سی پی کو مکتوب میں کہا کہ ڈاکٹروں نے انہیں صحت کے پیش نظر امریکہ نہ چھوڑنے کا مشورہ دیا ۔ پربھاکر راؤ نے کہا کہ ماضی میں مہلک کینسر کے علاوہ بی پی میں بھی اضافہ ہوا اور وہ دل اور گردے کے امراض میں وہ مبتلا ہیں۔ دراصل انہیں 26 جون کو امریکہ سے آنا تھا، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق وہ رک گئے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ مکمل صحت یاب ہونے کے بعد تحقیقاتی عہدیدار کے سامنے پیش ہوں گے اور تمام سوالات کے جوابات دیں گے ۔ جب تک ہندوستان نہیں آتے ، وہ ورچول طریقہ کار سے دستیاب رہیں گے ۔