وزراء کی اشتعال انگیزی سے ڈرائیور کی خود کشی ، حکومت کے زوال کا اہم پہلو ثابت ہوگا

   

ہڑتالی آر ٹی سی ملازمین میں تفرقہ ڈالنے کے سی آر چیف منسٹر کی سازش ، ڈاکٹر کے لکشمن بی جے پی صدر کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ ریاستی صدر بی جے پی ڈاکٹر کے لکشمن نے ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین کی جاری غیر معینہ بس ہڑتال کو ختم کروانے میں چیف منسٹر پر ناکام ہونے اور ٹی ایس آر ٹی سی کو خانگی شعبہ کے حوالہ کرنے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا اور جاری ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کو ناکام بنانے ہڑتالی ملازمین میں مختلف طریقوں کے ذریعہ تفرقہ پیدا کرنے کی منصوبہ بند سازش کرنے کے چندر شیکھر راؤ کی کوششوں کی سخت مذمت کی ۔ ڈاکٹر لکشمن نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں و جونیر کالجوں کے کھل جانے پر طلباء بھی ہڑتالی ملازمین کی تائید میں احتجاجی پروگراموں کے منظم کرنے کے امکانات کو پیش نظر رکھتے ہوئے تعطیلات میں مزید چھ یوم کی توسیع دے کر طلباء کی زندگی سے بھی کھلواڑ کرنے کی کوشش کی ۔ انہوں نے طلباء کے ڈر و خوف کی وجہ سے ہی تعطیلات میں توسیع کرنے کے اقدامات کیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ علحدہ تلنگانہ جدوجہد کے موقعہ پر اس وقت کے چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی نے جو طرز عمل اختیار کیا تھا ۔ آج مسٹر کے چندر شیکھر راؤ بھی ایسا ہی طرز عمل اختیار کررہے ہیں ۔ صدر بی جے پی نے چیف منسٹرکے ہڑتالی ملازمین آر ٹی سی کے ساتھ اختیار کردہ طریقہ کار و طرز عمل کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کو دسہرہ تہوار سے قبل ستمبر کی تنخواہ ادا نہیں کی ۔ جب ملازمین نے ایک ماہ اپنی محنت کرنے کے باوجود آیا انہیں تنخواہ سے محروم رکھنا کوئی منصفانہ اقدام ہے ؟ ڈاکٹر لکشمن نے چیف منسٹر سے دریافت کیا کہ آیا وہ بحیثیت چیف منسٹر ٹی ایس آر ٹی سی کو مزید مضبوط و مستحکم بنانے اور ترقی دینے کیلئے کوئی اقدامات کئے ؟ اور گذشتہ چھ سالہ ٹی آر ایس زیر قیادت میں کسی ایک ڈرائیور کو آیا ٹی ایس آر ٹی سی میں ملازمت فراہم کی ؟ اس سلسلہ میں وضاحت کرنے کا چیف منسٹر سے مطالبہ کیا اور کہا کہ ہڑتال ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین کو انصاف ملنے تک بی جے پی ان ہڑتالی ملازمین کا مکمل و بھر پور ساتھ دے گی ۔ انہوں نے ڈرائیور سرینواس ریڈی کے خود کشی واقعہ کو سرکاری قتل سے تعبیر کرتے ہوئے بتایا کہ محض بعض وزراء کی جانب سے مشتعل کرنے جیسے ریمارکس کرنے کی وجہ سے ہی دل برداشتہ ہو کر سرینواس ریڈی نے خود کشی کرلی ۔ صدر ریاستی بی جے پی نے پر زور الفاظ میں کہا کہ سرینواس ریڈی کی خود کشی کا واقعہ ہی ریاست سے ٹی آر ایس زیر قیادت ریاستی حکومت کا صفایا ہونے کیلئے ایک اہم پہلو اور اہم وجہ ثابت ہوگا اور اس خود کشی واقعہ کی ریاستی حکومت اور وزراء کو ذمہ داری قبول کرنے کا پر زور مطالبہ کیا ۔ صدر بی جے پی نے ہڑتالی ملازمین آر ٹی سی سے مایوس نہ ہونے اور ہمت کے ساتھ آگے بڑھنے کی پر زور اپیل کی ۔۔