وزیر اعظم نے 3 وندے بھارت ٹرینوں کو جھنڈی دکھائی

   

پورے جنوب کی ترقی حکومت کی ترجیح ہے: مودی،میرٹھ۔لکھنؤ ٹرین میں خاتون سے بدتمیزی

نئی دہلی :وزیر اعظم نریندر مودی نے آج میرٹھ۔لکھنؤ ریل روٹ کے ساتھ دیگر 2 ریل روٹ پر ’وندے بھارت ٹرین‘ کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ وزیر اعظم مودی اس موقع پر بذاتِ خود موجود نہیں تھے لیکن ورچوئل طریقے سے انھوں نے عوام سے خطاب کیا۔ انھوں نے پہلے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ میرٹھ۔لکھنؤ، مدورئی۔بنگلورو اور چنائی۔ناگرکوئل روٹ کیلئے وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائی۔ اپنے ورچوئل خطاب میں مودی نے کہا کہ آج شمال سے جنوب تک ملک کے ترقیاتی سفر میں مزید ایک باب جڑ رہا ہے۔ آج سے مدورئی۔بنگلورو، چنائی۔ناگرکوئل اور میرٹھ۔لکھنؤ کے درمیان وندے بھارت ٹرینوں کی سروس شروع ہو گئی ہے۔ ان تین وندے بھارت ٹرینوں سے ملک کے اہم شہر اور تاریخی مقامات کو رابطہ مل گیا ہے۔ ان ٹرینوں سے طلبا، کسانوں، آئی ٹی کے لوگوں کو بہت فائدہ ہوگا۔ وہاں سیاحوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔ مودی کا کہنا ہے کہ ترقی یافتہ ہندوستان کے نشانہ کو حاصل کرنے کیلئے جنوب کی ریاستوں کی تیز رفتار ترقی بہت ضروری ہے۔ جنوبی ہند میں بے پناہ صلاحیت ہے، بے پناہ وسائل اور مواقع ہیں۔ اس لیے ٹاملناڈو اور کرناٹک سمیت پورے جنوب کی ترقی ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔پہلے ہی دن میرٹھ ۔ لکھنؤ وندے بھارت ٹرین میں ایک خاتون کے ساتھ بدتمیزی کا واقعہ پیش آیا ہے ۔ خاتون سے بدتمیزی کا الزام بی جے پی کارکنوں پر عائد کیا گیا ۔ آج ملک بھر میں 102 وندے بھارت ریل خدمات پیش کی جا رہی ہیں۔جس سے عوام کو بہت فائدہ ہورہا ہے ۔ حکومت اس سرویس میں مزید اضافہ پر غور کررہی ہے ۔