ایشیا کا سب سے بڑا اور ملک کا آلودگی سے پاک پہلا ائیر پورٹ ہوگا ۔ تقریب سے خطاب
نوئیڈا: وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کو مغربی اتر پردیش میں ضلع گوتم بدھ نگر (نوئیڈا) کے جیور پہنچے اور ریاست کے پانچویں بین الاقوامی ہوائی اڈے کا سنگ بنیاد رکھا۔ نوئیڈا کا یہ گرین فیلڈ ایئرپورٹ ہندوستان کا پہلا آلودگی سے پاک ایئرپورٹ ہوگا۔اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے کہا کہ نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ مرمت، دیکھ بھال اور طیاروں کی نقل و حمل کا سب سے بڑا مرکز ہوگا۔ 40 ایکڑ میں تعمیر ہو رہے اس مرکز سے سینکڑوں نوجوانوں کو روزگار فراہم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایئرپورٹ شمالی ہندوستان کا لاجیسٹک گیٹ وے (مال ڈھلائی کا مرکز) کے طور پر خدمات انجام دے گا۔‘‘وزیر اعظم مودی نے کہا کہ چونکہ نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ دنیا کے بڑے شہروں سے براہ راست مربوط ہوگا لہذا اس سے کسانوں کی سبزیاں، پھل اور مچھلیاں برآمد کی جا سکیں گی۔ اس سے چھوٹے کاروبار کو بہت فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی 7 دہائیوں بعد یوپی کو وہ سب ملنا شروع ہو گیا ہے، جس کا وہ حقدار ہے۔ ’ڈبل انجن‘ حکومت کا شکریہ کہ آج یوپی ملک میں سب سے زیادہ روابط والی ریاست بن گئی ہے۔وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’بی جے پی حکومت نے 20 برس قبل یہاں ایئرپورٹ تعمیر کرنے کا خواب دیکھا تھا۔ تاہم یہ سابقہ دہلی اور لکھنو کی حکومت کے مابین آپسی لڑائی کی نذر ہو گیا تھا۔ یہاں تک کہ گزشتہ ریاستی حکومت نے تو اس پراجکٹ کو روکنے کے لئے مکتوب بھی ارسال کیا تھا۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ، مرکزی شہری ہوابازی کے وزیر جیوترادتیہ سندھیا اور دیگر قائدین موجودتھے۔خیال رہے کہ نوئیڈا کا یہ بین الاقوامی ہوائی اڈہ ایشیا کا سب سے بڑا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور دنیا کا چوتھا سب سے بڑا ایئرپورٹ ہوگا۔ اسی کے ساتھ اتر پردیش ہندوستان کی پہلی اور واحد ریاست بن گئی ہے جس کے پاس 5 بین الاقوامی ایئرپورٹس ہیں۔ قومی راجددھانی خطہ دہلی میں یہ دوسرا بین الاقوامی ہوائی اڈہ ہوگا۔ اس سے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دباؤ کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ 2024 تک اس ایئرپورٹ سے فلائٹ سروس شروع ہو جائے گی اور اس کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد یہاں سے سالانہ ایک کروڑ 20 لاکھ مسافر پرواز کر سکیں گے۔