نئی دہلی، 8 جنوری (یو این آئی) کانگریس نے مدھیہ پردیش کے اندور میں آلودہ پانی پینے سے لوگوں کی موت کو بی جے پی حکومت کی سنگین لاپرواہی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی تحقیقات خود وزیراعلیٰ کے دفتر سے ہو اور سپریم کورٹ کے جج سے علیحدہ ان کی آزادانہ اور منصفانہ جانچ کرائی جانی چاہیے ۔کانگریس کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا نے جمعرات کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں سوال کیا کہ بی جے پی حکومت کی لاپرواہی کے سبب شہر کے پینے کے پانی میں سیوریج کے پانی کو داخل ہونے دیا گیا اور شہریوں کی بار بار وارننگ کو نظر انداز کرتے ہوئے ہزاروں لوگوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ بی جے پی حکومت کی لاپرواہی سے پیش آیا ہے ، جب کہ اسے روکا جاسکتا تھا۔ اس لاپرواہی کی وجہ سے جب معصوم بچے اور شیر خوار مر رہے ہیں، توریاست کے وزیر اعلیٰ اور سینئر وزراء خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ المناک واقعہ بی جے پی حکومت کی تکبر، نااہلی اور انسانی جانوں کی مکمل بے توجہی کو بے نقاب کرتا ہے ۔
