وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور کورونا سے متاثر‘ ہاسپٹل میں شریک

   

حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا کیسس میں اضافہ کے نتیجہ میں اہم قائدین بھی وائرس کا شکار ہورہے ہیں۔ تازہ معاملہ میں وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور ڈاکٹرس کے مشورہ پر وہ ہوم آئسولیشن کے تحت اپنا علاج کرارہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ دو دنوں سے خرابی صحت پر ایشور کو ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا جہاں ان کے مختلف معائنے کئے گئے اور کورونا ٹسٹ پازیٹیو رہا۔ ڈاکٹرس نے انہیں ہوم آئسولیشن کے تحت علاج کا مشورہ دیا ہے۔ ڈاکٹرس کے مطابق ریاستی وزیر کی حالت مستحکم ہے تاہم ڈاکٹرس کی ٹیم ان کی نگرانی کررہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کے ایشور کے علاوہ ان کے افراد خاندان بھی کورونا کا شکار ہوئے ہیں اور انہیں بھی ہوم آئسولیشن کے تحت رکھا گیا ہے۔ اسی دوران کے ایشور نے حالیہ دنوں میں ان سے ملاقات کرنے والے افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ہوم آئسولیشن اختیار کرلیں اور اپنا ٹسٹ کروائیں۔ ریاستی وزیر کے سیکورٹی عملے اور اسٹاف کی بھی کورونا جانچ کی جارہی ہے۔ ریاستی وزیر نے ان سے ملاقات کرنے والوں کو چوکسی کا مشورہ دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حالیہ چند دنوں میں ایشور نے مختلف پروگراموں میں شرکت کی تھی جس کے بعد سے ان کی طبیعت بگڑگئی۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے علاوہ چیف سکریٹری سومیش کمار اور اسٹیٹ الیکشن کمشنر پارتھا سارتھی بھی کورونا سے متاثر ہوئے تھے اور وہ صحت یاب ہوچکے ہیں۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ بھی کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جنہیں خانگی دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا ۔