وزیر ایکسائیز سرینواس گوڑ نے مفرور گاڑی کا 3 کیلو میٹر تک تعاقب کیا

   

ٹکر دے کر فرار ہونے والی گاڑی کوفلمی انداز میں روکا گیا
حیدرآباد۔ وزیر ایکسائیز سرینواس گوڑ نے پولیس کی طرح ایک گاڑی کا تعاقب کرتے ہوئے روک لیا جو بائیک کو ٹکر دے کر فرار ہورہی تھی۔ ریاستی وزیر نے اپنی گاڑی کے ذریعہ تقریباً 3 کیلو میٹر تک کار کا تعاقب کیا اور فلمی انداز میں وہ گاڑی کو روکنے میں کامیاب ہوئے۔ یہ واقعہ بنگلور قومی شاہراہ پر راجہ پور کے قریب پیش آیا۔ ریاستی وزیر کی کاروں کا قافلہ محبوب نگر کی طرف جارہا تھا کہ اسی دوران کرناٹک سے حیدرآباد آنے والی ایک بولیرو ویان نے راجہ پور پر تیز رفتاری کے ساتھ ایک ٹو وہیلر کو ٹکر دے دی۔ ٹووہیلر سوار گاڑی سے گر پڑا لیکن بولیرو ویان کے ڈرائیور نے روک کر مدد کرنے کے بجائے اپنی رفتار کو برقرار رکھا۔ وہاں سے گذرتے ہوئے ریاستی وزیر سرینواس گوڑ نے جب یہ منظر دیکھا تو انہوں نے اپنے ڈرائیور کو بولیرو کا تعاقب کرنے کی ہدایت دی۔ تین کیلو میٹر تک تعاقب کے بعد وہ گاڑی کو روکنے میں کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے پولیس کو طلب کرکے خاطی ڈرائیور کو حوالے کردیا۔ اس واقعہ میں ٹو وہیلر سوار 36 سالہ سرینواس کو زخمی حالت میں راجہ پور کے پرائمری ہیلت سنٹر سے رجوع کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد محبوب نگر منتقل کیا گیا۔ زخمی کی حالت تشویشناک ہونے پر ریاستی وزیر نے حیدرآباد منتقلی کا انتظام کرایا اور ڈاکٹرس سے ربط قائم کرتے ہوئے بہتر علاج کی ہدایت دی۔