وزیر داخلہ امت شاہ نے مغربی بنگال،اڑیسہ اور آندھرا پردیش کے وزراء اعلی کے ساتھ طوفان کی تیاری کا جائزہ لیا

,

   

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پیر کوسمندری اور ساحلی علاقوں سے لوگوں کے بچاؤ کے ساتھ کووڈ 19 اسپتالوں کے تحفظ سمیت طوفان یاس کولے کر تیاریوں کا جائزہ لیا۔وزیر داخلہ نے مغربی بنگال، اڈیشہ اور آندھرا پردیش میں واقع آکسیجن پروڈکشن مراکز پر طوفان کے ممکنہ اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ریاستی حکومتوں سے ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے کہا۔آندھرا پردیش، اڈیشہ اور مغربی بنگال کے وزراء اعلی اور جزائر انڈمان ونکوبار کے لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے دوران مرکزی وزیر نے کہا کہ وزارت داخلہ کے پاس 24 گھنٹے سات دن کا کنٹرول روم ہے جس سے کسی بھی وقت رابطہ کیا جاسکتا ہے۔وزارت داخلہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہ نے خلیج بنگال میں رونما ہونے والے طوفان کے ممکنہ اثرات کے پیش نظر کووڈ19 میں تمام اسپتالوں، ویکسین ریفریجریشن مراکز اور دیگر مقامات پر پہلے سے متبادل بجلی کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔وزیر داخلہ نے آندھرا پردیش، اڈیشہ، مغربی بنگال اور جزیرہ انڈمان اورنکوبار سے آکسیجن کے اضافی ذخائر کو برقرار رکھنے کے لئے آکسیجن ٹینکروں کی نقل و حرکت کے لئے پیشگی منصوبہ تیار کرنے کو کہا تاکہ اس کی فراہمی میں خلل نہ پڑے۔