وزیر داخلہ محمد محمود علی سالگرہ نہیں منائیں گے

   

تقاریب کے بجائے غریبوں کی مدد کرنے کا مشورہ
حیدرآباد۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی 2 مارچ کو اپنی سالگرہ نہیں منائیں گے۔ کورونا وباء کے پیش نظر عوام کو احتیاطی اقدامات کرنے اور کورونا قواعدکی پابندی کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ دوست احباب، پارٹی کارکنان اور چاہنے والے سالگرہ کے موقع پر کسی قسم کی تقاریب، جشن اور مبارکبادیوں کا اہتمام نہ کریں اور نہ ہی ملاقات اور گلدستے پیش کریں۔ محمود علی 2 مارچ کو سالگرہ کے دن حیدرآباد میں نہیں رہیں گے بلکہ گریجویٹ ایم ایل سی الیکشن کے سلسلہ میں اضلاع میں انتخابی مہم میں مصروف رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سماج کو کورونا سے پوری طرح راحت نہیں ملی لہذا ہمیں احتیاط برتنے کی شدید ضرورت ہے۔ محمد محمود علی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا قواعد کی سختی سے پابندی کریں تاکہ معاشرہ کو بیماریوں اور وباؤں سے محفوظ رکھا جاسکے۔ انہوں نے سالگرہ کے موقع پر عوام کو کوئی زحمت نہ کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ اگر چاہیں تو غریبوں، مساکین، بیماروں، مستحقین اور ضرورتمندوں کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں لوگ پریشان حال ہیں ان کی مدد کی جائے اور تلنگانہ عوام ریاست کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے دعاؤں کا اہتمام کریں۔