وزیر داخلہ محمود علی کا ملک پیٹ حلقہ میں مختلف علاقو ں کا دورہ

   

حیدرآباد۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے حلقہ ملک پیٹ کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے بارش کی تباہ کاریوں کا جائزہ لیا ۔انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہگھروں سے پانی کی نکاسی کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کریں۔ وزیر داخلہ نے شنکر نگر ‘ ونائیک گلی ‘ رسول پورہ اور موسی نگر وغیرہ کا دورہ کیا اور عوام سے ان کے مسائل پر بات چیت کی ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ حکومت پوری طرح سے ان کے ساتھ ہے ۔ عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری حکام کی فوری چوکسی کی وجہ سے بڑی حد تک نقصانات کو ٹالا جاسکا ہے ۔ جناب محمود علی نے عوام کو صبر و تحمل کا مشورہ دیا ۔ جی ایچ ایم سی اور واٹر ورکس کے حکام کو ہدایت دی کہ تباہ شدہ و متاثرہ گھروں سے پانی کی نکاسی اور فوری صفائی پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان تباہ کاریوں کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر اور وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر بھی ریاست و گریٹر حیدرآباد کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ عوام کو راحت فراہم کرنے تمام ضروری اقدامات کرنے کی حکام کو ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔
تلنگانہ میں کورونا کے 1432 نئے کیسس، 8 اموات
حیدرآباد: تلنگانہ میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 1432 نئے کیس منظر عام پر آئے جبکہ 8 افراد فوت ہوئے۔ 1949 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ ریاست میں کورونا پازیٹیو کیس 217670 تک پہنچ گئے جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد 193218 ہے۔ اب تک 1249 افراد فوت ہوئے ۔ ایکٹیو کیسس کی تعداد 23203 ہے جن میں 19084 ہوم آئسولیشن کے تحت زیر علاج ہے ۔ منگل و چہارشنبہ کے دوران 38895 ٹسٹ کئے گئے جن میں 884 کا نتیجہ آنا باقی ہے ۔ محکمہ صحت کے مطابق 60.64 فیصد مرد اور 39.37 فیصد خواتین کورونا سے متاثر ہیں۔ حیدرآباد میں 244 نئے کیس درج ہوئے ۔