پارٹی قائدین اور دیگر نے سرکاری قیام گاہ پہنچ کر مبارکباد پیش کی
حیدرآباد۔ 2 مارچ (سیاست نیوز) ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے غریب و یتیم بچوں کے ساتھ اپنی سالگرہ تقریب مناتے ہوئے کہا کہ ہر ایک صاحب استطاعت کی ذمہ داری ہیکہ وہ غریبوں اور یتیموں کی مدد کریں۔ یتیم بچوں کی پرورش اور دیکھ بھال کرنے والے اور ان کے ساتھ بہتر حسن سلوک کرنے والوں کو اللہ پاک بہت پسند کرتا ہے۔ اس کا بدلہ دونوں جہاں میں عطا کیا جاتا ہے۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے انجمن خادمین المسلمین کی جانب سے منعقدہ سالگرہ تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ ٹی آر ایس کے قائد و اُپل کے انچارج نے اس تقریب کا اہتمام کیا تھا۔ اس تقریب میں بچوں کی جانب سے تیار کردہ ماڈلس اور دستکاری اشیاء نمائش کے لئے رکھے گئے تھے۔ وزیر داخلہ نے ان اشیاء کا مشاہدہ کیا اور ان بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کی بھرپور ستائش کی ۔ بعد ازاں محمد محمود علی نے بچوں کو کھانا کھلایا۔ قبل ازیں وزیر داخلہ کی قیام گاہ پر بھی سالگرہ تقریب، قرآن خوانی و دعا کا اہتمام کیا گیا۔ وزیر داخلہ کے حامیوں اور ٹی آر ایس قائدین کی کثیر تعداد نے قیامگاہ پہنچ کر مبارکباد پیش کی۔