عوام سے خوفزدہ نہ ہونے کی اپیل، 95 فیصد افراد کا گھروں پر علاج
حیدرآباد: وزیر صحت ای راجندر نے مختلف کووڈ دواخانوں کا دورہ کرتے ہوئے کورونا کے علاج کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ راجندر نے گچی باؤلی میں واقع تلنگانہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس ، سکندرآباد میں واقع گاندھی ہاسپٹل اور کنگ کوٹھی ہاسپٹل کا دورہ کرتے ہوئے کورونا مریضوں کو علاج کے سلسلہ میں موجود سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈاکٹرس سے مریضوں کی صورتحال اور انہیں دی جارہی ادویات کے بارے میں معلومات حاصل کی ۔ وزیر صحت نے کیسیس میں اضافہ کے پیش نظر بستروں کی تعداد میں اضافہ ، آکسیجن سے مربوط بستروں کی فراہمی کے علاوہ دیگر بنیادی سہولتوں کے لئے عہدیداروں کو ہدایات جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ پہلی لہر کے مقابلہ کورونا کی دوسری لہر میں عوام زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ راجندر نے ڈاکٹرس کو ہدایت دی کہ کورونا مریضوں کے علاج میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے اور ہاسپٹلس میں درکار سہولتوں اور انفراسٹرکچر کے بارے میں عہدیداروں سے ربط میں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کورونا کے علاج پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔ راجندر کے مطابق کورونا کی پہلی اور دوسری لہر میں کافی فرق ہے۔ پہلی لہر میں صرف 20 فیصد افراد دواخانوں میں شریک تھے جبکہ اس مرتبہ 95 فیصد افراد ہوم آئسولیشن کے تحت گھروں میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاسپٹل سے رجوع ہونے والے مریضوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں 47,000 بستر کورونا مریضوں کے مختص کئے گئے ہیں۔ تشویشناک حالات میں آنے والے مریضوں کو خانگی دواخانے علاج کیلئے گاندھی ہاسپٹل سے رجوع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر کے بارے میں عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ۔ تاہم ہر کسی کو کورونا قواعد پر سختی سے عمل کرنا چاہئے۔