ٹریفک حادثہ کے زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کیا
حیدرآباد۔/10نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سدی پیٹ میں ٹریفک حادثہ کے زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سدی پیٹ ضلع کے ککنور پلی منڈل کے رامچندرا پور موضع میں آج صبح ڈی سی ایم ویان اور آٹو میں تصادم ہوگیا۔ کئی افراد اس حادثہ میں زخمی ہوگئے۔ اسی وقت وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر وہاں سے گذررہے تھے۔ انہوں نے زخمیوں کو دیکھتے ہی اپنے قافلہ کو روک دیا اور فوری مقام حادثہ پہنچ گئے۔ پونم پربھاکر نے ایمبولنس کو طلب کرتے ہوئے مقامی سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا۔ مقامی پولیس عہدیداروں کو موثر علاج تک ہاسپٹل میں موجود رہنے کی ہدایت دی۔ پونم پربھاکر نے ڈاکٹرس سے فون پر بات چیت کی اور زخمیوں کی حالت کے بارے میں دریافت کیا۔ ڈاکٹرس نے بتایا کہ تمام زخمی خطرہ سے باہر ہیں۔ پونم پربھاکر نے علاقہ میں حادثات کی روک تھام کیلئے پولیس کو چوکس رہنے کی ہدایت دی۔ ریاستی وزیر کی جانب سے انسانی ہمدردی کے مظاہرہ پر مقامی افراد نے ستائش کی۔1