وزیر کے خلاف ریمارکس ‘ڈپٹی کمشنر بلدیہ کا تبادلہ

   

حیدرآباد۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ایک ڈپٹی کمشنر کا ریاستی وزیر کے خلاف ریمارکس پر تبادلہ کردیا گیا۔ بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ سے ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران ڈپٹی کمشنر گوشہ محل سرکل ونئے کپور نے وزیر ٹی سرینواس یادو اور ایک کارپوریٹر کے بارے میں نازیبا ریمارکس کئے اور یہ آڈیو وائرل ہوگیا۔ آڈیو کلپ میں ڈپٹی کمشنر نے راجہ سنگھ کو بتایا کہ ٹی آر ایس کارپوریٹر گن فاؤنڈری سے ان کی بحث و تکرار ہوگئی جس پر انہوں نے وزیر انیمل ہسبینڈری سرینواس یادو سے شکایت کی۔ بات چیت کے دوران بلدی عہدیدار نے سوال کیا کہ بی جے پی لیڈر اسمبلی حلقہ کے وزیر کی جانب سے بار بار دورہ پر خاموش کیوں ہیں۔ عہدیدار نے ریمارک کیا کہ وزیر بار بار گوشہ محل حلقہ کا دورہ کررہے ہیں اور وہ اس حلقہ کے وزیر کی طرح سرگرم ہیں۔ بی جے پی رکن اسمبلی نے متاثرین میں نقد رقم تقسیم کے سلسلہ میں بات کی تھی۔ انہوں نے جب استفادہ کنندگان کی فہرست حوالے نہ کرنے پر سوال اٹھایا تو بلدی عہدیدار نے ٹی آر ایس قائدین کے خلاف ریمارکس کئے۔ اطلاع ملنے پر کمشنر لوکیش کمار نے ڈپٹی کمشنر کو ہیڈ آفس رپورٹ کرنے ہدایت دی اور بی سرینواسلو کو ڈپٹی کمشنر گوشہ محل مقرر کیا۔