ابوظہبی، 12 جون (یو این آئی) وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ ایک روزہ دورہ پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے ، وزیر اعظم دورہ کے دوران متحدہ عرب امارات کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے ۔ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابو ظہبی کے فرمانروا شیخ محمد بن زاید النہیان کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے ایک روزہ سرکاری دورے پر ابو ظہبی پہنچ گئے ۔ابو ظہبی کے البطین ہوائی اڈے پر متحدہ عرب امارات کے صدر کے بھائی اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان نے وزیرِ اعظم کا پرتپاک استقبال کیا اور وزیرِ اعظم کے ہمراہ گاڑی میں صدارتی محل کی جانب روانہ ہوئے ۔ہوائی اڈے پر متحدہ عرب امارات سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری جنرل علی احمد الشمسی، یو اے ای میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی اور پاکستانی سفارتی عملہ بھی وزیر اعظم کے استقبال کیلئے موجود تھا۔وزیرِ اعظم وفد کے ہمراہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کریں گے ۔