وزیراعظم ملائیشیا مہاتر محمد کمبوڈیا کے دورہ پر، کئی معاہدوں پر دستخط

   

فوم پینھ۔2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم ملائیشیا مہاتر محمد پیر کے روز کمبوڈیا پہنچے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مستحکم کیا جاسکے۔ موصوف کی موجودگی میں دونوں ممالک کے درمیان متعدد معاہدوں پر دستحط بھی کئے جائیں گے۔ منگل کے روز مہاتر محمد کمبوڈیائی قائد ہون سین سے ملاقات کرتے ہوئے باہمی تعاون کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ کمبوڈیا کی سرکاری خبررساں ایجنسی برناما نے اس سلسلہ میں کمبوڈیا کی وزارت خارجہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں قائدین ڈبل ٹیکزیشن اوائیڈنس معاہدہ پر اور سیاحتی تعاون کی ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کریں گے۔ پیر کے روز فوم پینھکی رائل یونیورسٹی میں بین الاقوامی تعلقات کے موضوعپر ایک لیکچر بھی دیا۔ اپنے تین روزہ دورہ کے دوران مہاتر محمد کمبوڈیا میں موجود ملائیشیائی قائدین وطن اور تاجرین سے بھی ملاقات کریں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ پانچ سالوں سے کمبوڈیا میں سرمایہ کاری کرنے والا ملائیشیا پانچواں سب سے برا ملک ہے۔ 2014 تا 2018ء کے عرصہ میں کمبوڈیا میں ملائیشیا نے 481 ملین ڈالرس مشغول کیے اور دو طرفہ تجارت گزشتہ سال 474 ملین ڈالرس تک پہنچ گئی تھی۔