وزیراعظم مودی نے تلنگانہ اور سارے ملک کو دھوکہ دیا

,

   

ملک کا مستقبل علاقائی جماعتوں کے ہاتھ ، کانگریس اور بی جے پی پر تنقید، جلسہ عام سے کے سی آر کا خطاب
حیدرآباد۔31مارچ(سیاست نیوز) نریندر مودی نے اب تک ملک کو یہ نہیں بتایا کہ اگر وہ دوبارہ کامیاب ہوجاتے ہیں تو ایسی صورت میں ان کا کیا منصوبہ ہے!نریندر مودی کذاب سیاستداں ثابت ہوچکے ہیں اور ان سے زیادہ جھوٹ بولنے والا سیاستداں کوئی نہیں ہے۔ کے چندر شیکھر راؤ چیف منسٹر تلنگانہ وسربراہ تلنگانہ راشٹر سمیتی نے پالمور میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ نریندر مودی حکومت نے تلنگانہ ہی نہیں بلکہ پورے ملک کو دھوکہ دیا ہے ۔ انہو ںنے کانگریس اور بی جے پی دونوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دعوی کیا کہ ملک کا مستقبل علاقائی سیاسی جماعتوں کے ہاتھ میں ہے اور علاقائی سیاسی جماعتیں ہی آئندہ انتخابات کے بعد ملک کی باگ ڈور سنبھالیں گی۔ کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کو 16نشستوں پر کامیابی حاصل ہونے کی صورت میں قومی سیاست میں تلنگانہ عوام کی فیصلہ کو کافی اہمیت حاصل رہے گی اور یہ 16ارکان پارلیمان تلنگانہ کی ترقی اور مرکزی حکومت کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کریں گے ۔ کے سی آر نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ نے تمام شعبوں میں ریکارڈ ترقی کی ہے اور تلنگانہ کی ترقی میں مرکز کا کوئی رول نہیں رہا۔ انہو ںنے کالیشورم اور مشین بھاگیریتا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی جانب سے 24ہزار کروڑ کے خرچ سے تعمیر کئے جانے والے ان پراجکٹس میں مرکزی حکومت نے 24 پیسے بھی نہیں دئیے

جبکہ ریاست تلنگانہ نے ان پراجکٹس کو بہتر انداز میں جاری و ساری رکھا ہے۔ ریاست میں زرعی اراضیات کو سر سبز و شاداب بنانے کیلئے کئی اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کسانوں کو مفت برقی کے اقدامات کئے گئے ہیں ۔ انہو ںنے نریندر مودی سے استفسار کیا کہ انہوں نے ملک کی کونسی ریاست حتی کہ گجرات میں بھی کسانوں کو مفت برقی کی فراہمی کے اقدامات کئے ہیں! کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت نے جب رعیتو بندھو اسکیم کی شروعات کی تو مرکزی حکومت کی جانب سے اس اسکیم کی نقل کرنے کی کوشش کی گئی جبکہ ریاست تلنگانہ اس اسکیم کو قابل عمل بنا چکی ہے اسی طرح آروگیہ شری اسکیم میں ریاست تلنگانہ کی جانب سے متعدد اقدامات کئے گئے جو کہ مرکزی حکومت کی آیوش مان اسکیم سے کافی بہتر ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی دونوں ہی سیاسی جماعتوں نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے اور ریاست تلنگانہ کے مفادات کی تکمیل میں رکاوٹیں پیدا کی ہیں اسی لئے تلنگانہ عوام دونوں سیاسی جماعتوں کو سبق ضرور سکھائیں گے۔ پی راملو امیدوار محبوب نگر حلقہ پارلیمان کی انتخابی مہم کے دوران کے چندر شیکھر راؤ نے دعوی کیا کہ ریاست تلنگانہ میں 16 پارلیمانی نشستوں پر عوام کے تعاون سے تلنگانہ راشٹر سمیتی امیدوارو ںکی کامیابی یقینی ہوگی اور اس کامیابی کا راست فائدہ تلنگانہ کی ترقی کے ساتھ تلنگانہ عوام کو ہی ملے گا۔