پاکستان نے گزشتہ اتوار کو یہ بات واضح کردی ہے کہ اس وزیراعظم مودی کے خصوصی طیارے کو اپنے فضائیہ سے گزرنے کی درخواست کو مسترد کردیا ہے، پاکستان نے اپنے اس قدم کے پیچھے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا حوالہ دیا ہے، دراصل وزیر اعظم مودی آج سعودی عرب جانے والے ہیں ، جہاں وہ ایک انٹرنیشنل بزنس سمٹ سے خطاب کریں گے اور خلیجی ممالک کی قیادت سے گفت وشنید کریں گے۔
پاکستان کے ریڈیو کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیان دیا ہے کہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم مودی کے طیارہ کو پاکستان کے فضائی حدود کا استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
قریشی نے مزید کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزی اور یوم سیاہ کو مد نظر رکھتے ہؤے یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پاکستان کشمیریوں کی حمایت میں اتوار کو یوم سیاہ منانے جا رہا ہے۔ قریشی نے کہا کہ ہندوستانی ہائی کمیشن کو اس فیصلہ کے بارے میں تحریری طور پر مطلع کیا جاچکا ہے۔
واضح رہے کہ ستمبر میں بھی پاکستان نے وزیر اعظم مودی کے طیارہ کو اپنے فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت نہیں دی تھی جب وزیر اعظم مودی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب کیلئے جارہے تھے ۔ پاکستان نے گزشتہ ماہ صدر جمہوریہ ہند رامناتھ کووند کے طیارہ کو بھی اپنی فضائی حدود کے استعمال کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا ۔ صدر جمہوریہ ہند آئس لینڈ کے دورہ پر جا رہے تھے۔