واشنگٹن ۔ نئی دہلی ۔ /3 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کو گروپ آف سیون (جی سیون) ممالک کے آئندہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔جی سیون یا گروپ آف سیون دنیا کے سات ترقی یافتہ ممالک کی تنظیم ہے جس میں امریکہ کے علاوہ کینیڈا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی اور جاپان شامل ہیں۔ اس تنظیم کے سربراہان کا سالانہ اجلاس مارچ یا اپریل میں ہوتا ہے تاہم رواں برس کرونا وائرس کے باعث تاحال اس کا سربراہ اجلاس نہیں ہو سکا ہے۔ہندوستانی وزارتِ خارجہ نے منگل کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم مودی اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ ہندوستانی وزیرِ اعظم نے امریکی صدر کو کہا ہے کہ جی سیون اجلاس کی کامیابی یقینی بنانے کے لیے ہندوستان کو امریکہ اور دیگر ممالک کے ساتھ کام کرنے پر خوشی ہو گی۔نریندر مودی نے جی سیون کی توسیع کے بارے میں صدر ٹرمپ کے خیالات کو تعمیری اور دور اندیشی پر مبنی قرار دیا۔