ہند۔ امریکی تعلقات بائیڈن دور میں داخل
کوویڈ۔19 ،ماحولیاتی تبدیلی اور انڈوپیسیفک خطہ میں تعاون پر تبادلہ خیال
نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے امریکہ کے منتخب صدر جوبائیڈن سے فون پر بات چیت کی اور ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نے نائب صدر کملاہیریس کی کامیابی پر بھی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ امریکی صدارتی انتخاب 2020ء کے نتائج کے بعد سے منتخب صدر امریکہ جوبائیڈن سے فون پر یہ پہلی بات چیت تھی۔ فون کال کے دوران وزیراعظم مودی نے ہند ۔ امریکی اسٹراٹیجک پارٹنر شپ کیلئے ہندوستان کے عہد کا اعادہ کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان ترجیحی بنیادوں پر کئے جانے والے کاموں اور متعلقہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ ٹوئیٹر پر مودی نے لکھا کہ میں نے امریکہ کے منتخب صدر جوبائیڈن سے فون پر بات کی ہے اور انہیں مبارکباد دی ہے۔ ہم دونوں نے ہند ۔ امریکی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے دونوں ملکوں کے عہد کو پورا کرنے سے اتفاق کیا۔ اس بات چیت میں ماحولیاتی تبدیلی، کوویڈ۔19 وبا اور ہند پیسیفک خطہ میں تعاون پر بھی بات چیت کی ہے۔ جوبائیڈن کو ساری دنیا کے قائدین کی جانب سے مبارکبادی پیامات آرہے ہیں۔ منگل کی رات بھی انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی سے بات چیت کی۔ بعدازاں مودی نے اس بات چیت کا تذکرہ ٹوئیٹر پر کیا۔ بائیڈن نے کہا کہ ہمیں ترجیحی بنیادوں پر عالمی معیشت کو بحال کرنے کیلئے کوشش کرنی چاہئے۔ اس کے ساتھ ساتھ اندرون ملک اور بیرون ملک جمہوری بنیادوں کو مضبوط کرنا ہوگا۔ یہ بات چیت ان قیاس آرائیوں کے تناظر میں ہوئی کہ مودی حکومت نے موجودہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے گہرے تعلقات اختیار کئے تھے۔ اگر جوبائیڈن انتخابات میں کامیاب ہوتے ہیں تو اس سے ہندوستان کو دھکا پہنچے گا۔ خاص کر کشمیر پر جوبائیڈن کے خیالات سے تنازعہ پیدا ہوسکتا ہے لیکن اب یہ اندیشہ ختم ہوچکا ہے۔ جوبائیڈن نے وزیراعظم مودی سے خوشگوار انداز میں بات کی اور ہند ۔ امریکی تعلقات کی برقراری کو یقینی بنانے کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔
