ناگپور : مہاراشٹرا پولیس نے ناگپور سے تعلق رکھنے والے ایک کانگریس لیڈر شیخ حسین کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے دفتر کے قریب منعقدہ ایک مظاہرے کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف مبینہ طور پر توہین آمیز ریمارکس کرنے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی ہے۔ناگپور یونٹ کانگریس کے سابق صدر شیخ حسین کے خلاف منگل کی رات گٹی کھڈن پولیس اسٹیشن میں اس وقت مقدمہ درج کیا گیا جب مقامی بی جے پی لیڈروں نے ڈی سی پی، سندیپ پکھلے کو میمورنڈم پیش کیا۔ابھی تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی۔ پولیس نے گٹی کھڈن پولیس اسٹیشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ شیخ حسین کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 294 عوام میں کئے جانے والے فحش حرکات یا عوام میں کہے گئے فحش الفاظ کی سزا اور (504) امن کی خلاف ورزی پر اکسانے کے ارادے سے جان بوجھ کر توہین) کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔ ناگپور بی جے پی یونٹ کے صدر ونود کنہارے کی شکایت پر یہ کارروائی کی گئی ہے۔شکایت کے مطابق، حسین نے پیر کو ای ڈی کے دفتر کے قریب کانگریس کے کارکنوں سے خطاب کے دوران کانگریس لیڈر راہول گاندھی کے ساتھ اظہار یگانگت کے دوران وزیر اعظم کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی تھیاسی دوران شیخ حسین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ میں نے مودی کے خلاف کوئی توہین آمیز تبصرہ نہیں کیا اس لئے میں معذرت خواہی بھی نہیں کروں گا۔اور میں تمام نتائج کا سامنا کرنے تیار ہوں۔