ٹیکہ کی فراہمی کیلئے بی جے پی قائدین مرکز پر دباؤ بنائے، ریاستی وزیر ای دیاکر راؤ کا مطالبہ
حیدرآباد : ریاستی وزیرپنچایت راج و دیہی ترقیات ای دیاکر راؤ نے وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ دہلی چھوڑ کر ریاستوں کا دورہ کریں اور کورونا کی صورتحال کا جائزہ وزیراعظم مودی کو سوائے گجرات کے اور کچھ بھی نظر نہیں آتا۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ای دیاکر راؤ نے کہا کہ ملک پوری طرح کورونا کی لپیٹ میں ہے۔ بڑے پیمانے پر کیسیس درج ہوئے ہیں اور اموات کی تعداد میں بھی زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔ ایسے میں وزیراعظم کو ملک کے مختلف ریاستوں کا دورہ کرتے ہوئے کورونا کی صورتحال کا جائزہ حاصل کرنا چاہئے مگر وزیراعظم کو سوائے گجرات کے اور کچھ بھی نظر نہیں آتا۔ انہوں نے تلنگانہ بی جے پی کے قائدین کو کورونا بحران کے دوران سیاست سے بالاتر ہوکر کام کرنے پر زور دیا اور کہا کہ صرف سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے بی جے پی کے قائدین ٹی آر ایس حکومت اور چیف منسٹر کے سی آر کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ اگر انہیں تلنگانہ کے عوام سے ہمدردی ہے تو وہ فوری مرکز سے بات چیت کرتے ہوئے ریاست کو زیادہ سے زیادہ ٹیکہ حاصل کرنے کیلئے مرکزی حکومت پر دباؤ بڑھائے۔ ای دیاکر راؤ نے کہا کہ کورونا کا علاج کرنے والے ورنگل کے ایم جی ایم ہاسپٹل میں عوام کا اعتماد بڑھا ہے جس کی وجہ سے بھاری تعداد میں لوگ کورونا کا علاج کرانے کیلئے ایم جی ایم ہاسپٹل سے رجوع ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاسپٹل میں تکنیکی اسٹاف کی کمی کو دور کرنے کیلئے چیف منسٹر نے ہدایت دی ہے۔ وزیر پنچایت راج نے کہا کہ ورنگل کے ایم جی ایم ہاسپٹل میں آکسیجن اور ادویات کی کوئی قلت نہیں ہے۔ ہاسپٹل میں تمام بنیادی سہولتیں موجود ہیں۔