بہار میں ووٹ چوری نہیں ہونے دیں گے، راہول گاندھی کا خطاب، ووٹر لسٹ سے غائب کسان کی جلسہ عام میں شرکت
نوادہ19اگست (یو این آئی) لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور الیکشن کمیشن پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہار میں ووٹ چوری کرنے کے لئے دونوںکی ملی بھگت ہے ۔راہول گاندھی ووٹر ادھیکاریاترا کی قیادت کرتے ہوئے تیسرے دن نوادہ پہنچے جہاں انہوں نے بھگت سنگھ چوک میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا اور بی جے پی اور الیکشن کمیشن پر سازباز کا الزام لگایا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ دونوں مل کر لاکھوں شہریوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔کانگریس کے سینئر لیڈر نے کہا کہ بہار میں لاکھوں لوگ جن کے نام پہلے ووٹر لسٹ میں تھے اب ان کے نام غائب پائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور الیکشن کمشنر ووٹ کا حق چھیننے کی سازش کر رہے ہیں۔راہول نے کہا کہ اپوزیشن بشمول آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو اور دیگر اتحادی جماعتوں کے قائدین اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ بہار سے ایک ووٹ بھی چوری نہ ہو۔انہوں نے بی جے پی پر مہاراشٹرا، ہریانہ اور مدھیہ پردیش میں پہلے بھی انتخابات چوری کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ بہار میں ووٹر لسٹ اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) میں ہیرا پھیری کرکے اسی طرح کی کوششیں کی جارہی ہیں۔اجتماع میں، ایک مقامی کسان، سبودھ کمار نے عوامی طور پر کہا کہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں ووٹ ڈالنے اور پولنگ ایجنٹ کے طور پر کام کرنے کے باوجود اس کا نام ووٹر لسٹ سے حذف کر دیا گیا ۔مہاراشٹر کی مثال دیتے ہوئے مسٹر گاندھی نے الزام لگایا کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد ایک کروڑ نئے ووٹر پراسرار طور پر ووٹر لسٹ میں شامل ہوئے ۔انڈیا مہا گٹھ بندھن نے لوک سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی، لیکن ان نئے ناموں کے شامل ہونے کے بعد بی جے پی نے ریاستی انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن نے نئے ووٹروں کی تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کیا اور بدلے ہوئے قوانین کے نام پر اس عمل کی ویڈیو گرافی فراہم کرنے سے بھی انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ حق رائے دہی سے محرومی کا تعلق معاشی استحصال سے ہے ۔ پہلے ووٹر کارڈ کو ختم کیا جائے گا، پھر راشن کارڈ اور پھر زمین اڈانی اور امبانی کے حوالے کی جائے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ ملک دو تین ارب پتیوں کا نہیں بلکہ کسانوں، مزدوروں، چھوٹے تاجروں اور نوجوانوں کا ہے ۔لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر نے حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہر بڑا فیصلہ چاہے وہ جی ایس ٹی ہو، نوٹ بندی ہو یا کوئی متنازعہ قانون ہو، ارب پتیوں کے حق میں لیا گیا، جب کہ عام شہری پریشان ہوتے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ غریب لوگ دن رات محنت کرکے ملک کیلئے پیسہ کماتے ہیں، اس کے باوجود حکومت انہیں روزگار فراہم کرنے سے قاصر ہے ۔راہول گاندھی نے کہا کہ بہار میں تبدیلی لانے کے لیے یہ یاترا شروع کی گئی ہے اور آئین کے تحفظ ، ترنگا اور بچوں کے مستقبل کے لیے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی پرچم کی عزت اور بچوں کے مستقبل کا تحفظ صرف جمہوریت اور آئین سے ہو گا اور وہ اسے کبھی بھی ووٹ چوری سے چھیننے نہیں دیں گے ۔انڈیا بلاک کی ووٹرادھیکاریاترا آج تیسرے دن میں داخل ہوگئی۔
ترنگا اور بچوں کے مستقبل کیلئے آئین کی حفاظت ضروری :راہول
پٹنہ، 19 اگست (یو این آئی) لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ملک کے ترنگے کی شان اور بچوں کا مستقبل جمہوریت اور آئین سے محفوظ ہے اور اسے کبھی بھی ووٹ چوری کے ذریعے غصب نہیں کرنے دیا جائے گا۔مسٹر گاندھی نے ایکس پر ایک بچے اور ترنگے کے ساتھ تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت اور آئین محفوظ رہیں گے ، تب ہی ترنگے کی عزت برقرار رہے گی اور ملک کے بچوں کا مستقبل بھی محفوظ رہے گا۔انڈیا اتحاد کی ووٹر حقوق یاترا کا آج تیسرا دن ہے ۔ پیر کے روز گیا جی میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرنے کے بعد مسٹر گاندھی بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو اور دیگر انڈیا اتحاد کے رہنماؤں کے ساتھ وزیر گنج پہنچے تھے ۔
راہول گاندھی کے کیس کی 25 اگست کو سماعت
وارانسی 19اگست (یواین آئی) وارانسی کے ایم پی/ایم ایل اے کورٹ میں چہارشنبہ کو کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی کے دورہ امریکہ کے دوران سکھ برادری کے بارے میں دیے گئے بیان پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے اگلی سماعت کی تاریخ 25 اگست مقرر کی ہے ۔وکیل وویک شنکر تیواری نے کہا کہ وکیل انوج یادو نے راہل گاندھی کی جانب سے التوا کی درخواست جمع کرائی۔ اس کی مخالفت کرتے ہوئے مدعی نے دلیل دی کہ دفعہ 173 (4) کے تحت مخالف کو سننے کا کوئی جواز نہیں ہے ۔ اس پر عدالت نے کہا کہ اس معاملے پر اگلی تاریخ یعنی 25 اگست کو دوبارہ بحث ہوگی۔