وزیراعظم نریندر مودی جانبداری کا نمونہ

   

مجسمہ مساوات کی رونمائی پر ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ کا ریمارک

حیدرآباد۔/6 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ نے آج کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی جانبداری کی علامت ہیں ۔ انہوں نے آج اپنے ٹوئٹر پیامات کے ذریعہ وزیراعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جنہوں نے کل حیدرآباد میں مجسمہ مساوات کی نقاب کشائی کی اور اکریساٹ کے پروگرام میں شرکت کی تھی ۔ کے ٹی آر نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ جانبداری کی علامت مودی نے مجسمہ مساوات کی رونمائی کی ۔ مودی نے کل رنگاریڈی میں مچنتل کے مقام پر 11 ویں صدی کے سنت راما نوجا چاری کے 216 فٹ بلند قامت مجسمہ کی رونمائی کی اور اسے قوم کے نام معنون کیا تھا ۔ ٹی آر ایس قائدین اور حامیوں نے وزیراعظم کے دورہ کے موقع پر مساوات کا سوال اٹھایا اور تلنگانہ کے ساتھ کی گئی ناانصافی کے خلاف احتجاج بھی کیا تھا ۔ انہوں نے وزیراعظم سے سوال کیا کہ تلنگانہ کے ساتھ مساوات کہاں ہوئی ؟ نوجوانوں کی جانب سے ٹینک بنڈ پر بڑے بیانرس کے ساتھ احتجاج کیا گیا جس پر جلی حروف میں ’’ تلنگانہ کیلئے مساوات ‘‘ لکھا تھا ۔ ٹی آر ایس حامی نوجوان وزیر اعظم سے یہ جاننا چاہ رہے تھے کہ تلنگانہ کیلئے ریل کوچ فیاکٹری کہاں ہیں ۔ ریاست کیلئے ہلدی بورڈ چاہئے ۔ تلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹس کیلئے قومی درجہ کا بھی مطالبہ کیا گیا ۔ نوجوانوں نے یہ بھی سوال کیا کہ تلنگانہ کیلئے آئی آئی ایم اور میڈیکل کالجس کہاں ہیں ۔ حیدرآباد میٹرو اور این ڈی آر ایف فنڈس کہاں ہیں ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے وزیر اعظم نریندر مودی کا ایرپورٹ پہونچکر استقبال نہیں کیا اور وہ وزیر اعظم کے شہر میں منعقدہ دونوں پروگراموں سے بھی دور رہے ۔ قبل ازیں ریاستی وزیر ای دیاکر راؤ نے بھی یہ سوال کیا تھا کہ تلنگانہ وزراء کی جانب سے مرکز کو روانہ کردہ مکتوب اور نمائندگیوں کا کیا ہوا ۔ تاحال مرکز کی طرف سے اس پر کوئی جواب نہیں دیا گیا ۔