آندھراپردیش کو خصوصی موقف اور تلنگانہ سے بقایہ جات پر نمائندگی ، صدر جمہوریہ اور نائب صدر جمہوریہ کو مبارکباد
حیدرآباد ۔22۔اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ایک روزہ دورہ دہلی کے دوران صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیراعظم نریندر مودی کے علاوہ مرکزی وزیر برقی آر کے سنگھ سے ملاقات کی ۔ صدر جمہوریہ کے عہدہ پر انتخاب کے بعد جگن موہن ریڈی نے پہلی مرتبہ دروپدی مرمو سے ملاقات کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی ۔ وزیراعظم نریندر مودی سے آندھراپردیش کو درپیش مختلف مسائل پر بات چیت کی گئی ۔ انہوں نے پولا ورم پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ دینے اور تنظیم جدید قانون کے تحت آندھراپردیش سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی درخواست کی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق جگن موہن ریڈی نے مرکز سے زیر التواء مختلف مسائل پر تفصیلی یادداشت حوالے کی۔ جگن نے پولاورم پراجکٹ کے لئے فنڈس کی اجرائی میں تاخیر کی شکایت کی اور عاجلانہ اجرائی کیلئے متعلقہ وزارت کو ہدایات جاری کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے پولاورم پراجکٹ کے متاثرین کیلئے بازآبادکاری پیکیج کا مطالبہ کیا۔ چیف منسٹر نے آندھراپردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کی درخواست کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے وزیراعظم سے خواہش کی کہ پولاورم پراجکٹ کی تکمیل تک مرکز سے فنڈس کی اجرائی کو جاری رکھا جائے ۔ حکومت نے اس پراجکٹ پر تاحال 2900 کروڑ خرچ کئے ہیں اور مرکز کو یہ رقم ادا کرنی چاہئے ۔ جگن موہن ریڈی نے تلنگانہ ڈسکامس سے آندھراپردیش کو بقایہ جات کا حوالہ دیا اور کہا کہ 6756 کروڑ کی ادائیگی باقی ہے ۔ گزشتہ 8 برسوں سے بقایہ جات کے مسئلہ کی یکسوئی نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں آندھراپردیش کیلئے مختلف اعلانات کئے گئے تھے جن میں خصوصی موقف کا درجہ بھی شامل ہے۔ آندھرا پردیش میں مزید 12 میڈیکل کالجس کے قیام کی اجازت دینے کی درخواست کی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیراعظم نے جگن موہن ریڈی کو آندھراپردیش کے امور اور حل طلب مسائل پر ہمدردانہ غور کا تیقن دیا۔ وزیراعظم سے ملاقات تقریباً 30 منٹ تک جاری رہی جس میں وائی ایس آر کانگریس کے رکن راجیہ سبھا وجئے سائی ریڈی موجود تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیراعظم کے ساتھ سیاسی صورتحال پر بھی جگن نے بات چیت کی۔ وزیر برقی آر کے سنگھ سے ملاقات کرتے ہوئے جگن موہن ریڈی نے تلنگانہ سے بقایہ جات کی وصولی میں تعاون کی خواہش کی ۔ مرکزی وزیر نے اس سلسلہ میں عنقریب فیصلہ کرنے کا تیقن دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھراپردیش کے چیف منسٹر نے نومنتخب نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکر سے خیرسگالی ملاقات کرتے ہوئے نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ ر